کمشنر کی زیرِ صدارت اجلاس میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ضلع میانوالی میں عید الفطر پر صفائی آپریشن بارے بریفنگ

جمعرات 27 مارچ 2025 17:19

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2025ء) کمشنرسرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیرِ صدارت اجلاس میں سرگودھا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایس ڈبلیو ایم سی) کے میانوالی کی تینوں تحصیلوں میں عید الفطر پر صفائی آپریشن بارے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر میانوالی خالد گورائیہ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سرگودھا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا شاہد عمران بھی موجود تھے۔

اجلاس کو بتایا گیا کی تینوں تحصیلوں میں چاند رات سے خصوصی صفائی آپریشن شروع کیا جائے گا جو عید کے تینوں ایام میں جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

عید تعطیلات میں عملہ صفائی فیلڈ میں موجود رہے گا۔ اسی طرح ہر تحصیل میں خصوصی سکواڈ بھی بنائے جائیں گے جو موصولہ شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنائیں گے۔ کمشنر نے تحصیل پپلاں اور عیسیٰ خیل میں صفائی آپریشن کی ست روی کا نوٹس لیتے ہوئے سی ای او کمپنی کو کنٹریکٹرز کو متحرک کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ عید کے فوری بعد تمام تحصیلوں میں ورکرز، مشینری اور درکار صفائی سامان کی دستیابی یقینی بنائی جائے نیز معاہدہ کی خلاف وزی کرنے والے کنٹریکٹرز کی ادائیگیوں میں کٹوتی کی جائے۔ انہوں نے کمپنی کے ساتھ ڈپٹی کمشنر کو صفائی پلان کی مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :