پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین عہدے سے ریٹائرڈ

جمعرات 27 مارچ 2025 17:19

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2025ء) معروف استاد، محقق، سکالر، منتظم اور پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھاپروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد ریٹائرڈ ہوگئے۔ اس سلسلہ میں ان کے اعزاز میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کی زیر صدارت یونیورسٹی ملٹی پرپز ہال کے کمیٹی روم میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب میں رجسٹرار یونیورسٹی وقار احمد، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر ریحانہ الیاس، ٹریژرمحمد انوار، یونیورسٹی ڈینز، ڈائریکٹرز، مختلف تعلیمی و انتظامی شعبہ جات کے صدور، سینئر اساتذہ اور افسران نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین ایک اعلیٰ پائے کے استاد اور منتظم ہیں جن کی خدمات کو یونیورسٹی ہمیشہ یاد رکھے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میاں غلام یٰسین نے یونیورسٹی کے بڑے منصوبہ جات میں لیڈر کے طور پر کام کیا جن میں سولر پراجیکٹ، منرل واٹر، ہسپتال اور فارما سیوٹیکل یونٹ شامل ہیں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے مزید کہا کہ بطور سربراہ ادارہ میاں غلام یٰسین نے بطور نائب میری ہر شعبہ میں بہت معاونت کی جس کے لئے میں ان کا ممنون ہوں،سرگودھا یونیورسٹی کی یہ خوش قسمتی رہی ہے کہ اسے ہمیشہ سے بہت اچھے استاد ملے جن میں ڈاکٹر غلام یٰسین کا شمار صف اوّل کے اساتذہ میں ہوتا ہے جنہوں نے بطور پرو وائس چانسلر، چیئرمین ہال کونسل، ڈین اور چیئرمین شعبہ کے طور پر اپنی ذمہ داریاں انتہائی احسن طریقے سے نبھائیں۔

اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے یونیورسٹی آف سرگودھا میں تقریباً پندرہ سال کا عرصہ گزارا اور جو محبت و خلوص مجھے سرگودھا یونیورسٹی نے دیا وہ مجھے ہمیشہ یاد رہے گا۔ پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین نے اس موقع پر اپنے دو اساتذہ اور سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ظفر اللہ سابق وائس چانسلر بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان اور پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم چودھری سابق وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ان اساتذہ اور منتظمین سے بہت کچھ سیکھا جو میری زندگی میں بہت کام آیا۔

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ آج بطور پرو وائس چانسلر اور استاد کے میرا یہ سفر اختتام پذیر ہورہا ہے تاہم ایک استاد ہمیشہ اپنی قوم کی آخری دم تک خدمت کرتا رہتا ہے اور یہ کسی بھی استاد کے اوّلین فرائض میں سے یہ فرض ہونا چاہیئے۔ انہوں نے اپنے ساتھی اساتذہ اور افسران کو یہ نصیحت کی کہ وہ جس ادارے کے ساتھ منسلک رہیں اس کے ساتھ مخلص رہیں۔

پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین نے اس موقع پر کہا کہ وہ شرکائے تقریب اور باالخصوص وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ان کے لئے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا اور وہ ہمیشہ آپ کی محبتوں اور خلوص کے مقروض رہیں گے۔ تقریب سے ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان، ڈین فیکلٹی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عامر علی، چیئرمین شعبہ ایگرانومی پروفیسر ڈاکٹر اطہر ندیم، چیئرمین شعبہ باٹنی پروفیسر ڈاکٹر ظفر حیات بلوچ، چیئرمین پلانٹ بریڈنگ اینڈ جینٹیکس پروفیسر ڈاکٹر اعجاز رسول نورکا، چیئرمین شعبہ انگریزی پروفیسر ڈاکٹر اعجاز اصغر بھٹی، رجسٹرار یونیورسٹی وقار احمد، ریذیڈنٹ آفیسر فہیم ارشد اور ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر عظمیٰ شہزادی نے بھی خطاب کیا۔

تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس ریٹائرڈ ہونے والے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین کو یادگاری شیلڈ اور پھول پیش کئے۔

متعلقہ عنوان :