پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف مصنف محمد کمال پاشا کوحکومت پنجاب کی جانب سے مالی امداد

جمعرات 27 مارچ 2025 18:14

پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف مصنف محمد کمال پاشا کوحکومت پنجاب کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2025ء)پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور مصنف محمد کمال پاشا کو حکومت پنجاب کی جانب سے پانچ لاکھ روپے کا امدادی چیک فراہم کیا گیا، جس سے ان کے علاج معالجے میں درپیش مالی مشکلات میں کمی آئے گی۔محمد کمال پاشا، جو شدید بیماری کے باعث سروسز ہسپتال لاہور میں زیر علاج ہیں، نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز میری اپنی بیٹیوں کی طرح ہیں، میں ان کا انتظار کر رہا ہوں۔

سیکرٹری اطلاعات پنجاب، سید طاہر رضا ہمدانی نے ہسپتال میں ان کی عیادت کی اور وزیر اعلٰی پنجاب کی جانب سیانہیں پانچ لاکھ روپے کا امدادی چیک اور گلدستہ پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ محمد کمال پاشا کا شمار پاکستانی فلم انڈسٹری کے کامیاب ترین مصنفین میں ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

وہ 300 سے زائد فلموں کے اسکرپٹ تحریر کر چکے ہیں، اور ان کا کام پاکستانی سینما کی تاریخ کا ایک اہم حصہ سمجھا جاتا ہے۔

حکومت پنجاب فن و ثقافت سے وابستہ شخصیات کی خدمات کے اعتراف اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گی۔انکا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کا یہ اقدام فن و ثقافت کے فروغ اور اس سے وابستہ شخصیات کی خدمات کے اعتراف کا ثبوت ہے، تاکہ وہ جو پاکستان کی پہچان ہیں، مشکل وقت میں خود کو تنہا محسوس نہ کریں۔ محمد کمال پاشا کے اہل خانہ کے مطابق، وہ برین اسٹروک، برین ڈیمیج اور معدے کی بیماریوں میں مبتلا ہیں، جس کے باعث ان کی یادداشت بھی متاثر ہو چکی ہے، اور وہ گزشتہ سات ماہ سے بستر پر ہیں۔

محمد کمال پاشا کا شمار ان چند مصنفین میں ہوتا ہے جنہوں نے پاکستانی فلم انڈسٹری میں ایک منفرد شناخت قائم کی۔ ان کی تحریریں ناظرین کو ہمیشہ محظوظ کرتی رہی ہیں، اور انہوں نے اپنی کہانیوں سے فلمی دنیا کو کئی کامیابیاں بخشیں۔