فلم ’’ابیرگلال‘‘ میں ہانیہ عامر کے کردارکو فلم میں تبدیل کردیا جائے گا

فواد خان کی بولی وڈ فلم ابیر گلال کو ریلیز کی اجازت نہیں دی جائے گی،بھارتی میڈیا

بدھ 30 اپریل 2025 12:20

فلم ’’ابیرگلال‘‘ میں ہانیہ عامر کے کردارکو فلم میں تبدیل کردیا جائے ..
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء) بھارتی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ پہلگام واقعے کے بعد جہاں فواد خان کی بولی وڈ فلم ابیر گلال کو ریلیز کی اجازت نہیں دی جائے گی، وہیں ممکنہ طور پر ہانیہ عامر کی پہلی بھارتی فلم سردار جی تھری میں ان کا کردار بھی تبدیل کردیا جائے گا۔گزشتہ سال سے خبریں ہیں کہ ہانیہ عامر بھارتی اداکار دلجیت دوسانجھ اور نیرو باجوہ کے ہمراہ پنجابی بھارتی فلم سردار جی تھری میں نطر آئیں گی جب کہ کچھ دن قبل پاکستانی کامیڈین نے بھی دعوی کیا تھا کہ ہانیہ عامر بھارتی فلم میں نظر آئیں گی۔

ہانیہ عامر کی سردار جی تھری میں کام کرنے کی خبروں کے باوجود تاحال انہوں نے کبھی اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ وہ بھارتی فلم میں نظر آئیں گی جب کہ دلجیت دوسانجھ نے بھی کبھی اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔

(جاری ہے)

تاہم اب بھارتی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ ہانیہ عامر کے کردار کو فلم میں تبدیل کردیا جائے گا۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 22 اپریل کو ہونے والے حملے کے بعد سردار جی تھری میں ہانیہ عامر کے کردار کو ختم کیے جانے کی خبریں ہیں۔

رپورٹ میں فلمی ذرائع میں پھیلنے والی خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ فلم کی ٹیم ہانیہ عامر کے کردار کو تبدیل کرنے سے متعلق منصوبہ بنا چکی۔رپورٹ کے مطابق ہانیہ عامر کے کردار کو فلم سے ڈیلیٹ کرکے ان کا کردار کسی دوسری اداکارہ میں تبدیل کرکے نئے کردار کی دوبارہ شوٹنگ کی جائے گی اور ہانیہ عامر کو فلم کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔

ہانیہ عامر کے کردار کو فلم سے نکالے جانے کے حوالے سے بھی تاحال فلم کی ٹیم نے کوئی واضح رد عمل نہیں دیا، نہ ہی ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ نے اس حوالے سے کوئی بیان دیا ہے۔دوسری جانب یہ بھی خبریں ہیں کہ فواد خان کی ابیر گلال کو بھی آئندہ ماہ 9 مئی کو ریلیز کی اجازت نہیں دی جائے گی، تاہم اس حوالے سے فلم کی ٹیم نے کوئی اعلان نہیں کیا۔فلم ’’ابیر گلال‘‘ کو 9 مئی کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا جا چکا ہے اور اس کا ٹیزر اور گانے بھی جاری کیے گئے تھے، جنہیں بعد میں یوٹیوب سے ڈیلیٹ کردیا گیا تھا۔