والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی و ہارٹی کلچر ایسو سی ایشن کے اشتراک سے پھولوں کی نمائش کا انعقاد

جمعرات 27 مارچ 2025 21:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2025ء) ہارٹیکلچر ایسو سی ایشن پاکستان جو1860 سے مسلسل پھولوں کی نمائش کا انعقاد کر رہی ہے نے امسال اپنے 157واں ایڈیشن کے انعقاد کیلئے ایک منفرد فیصلہ کرتے ہوئے پھولوں کی نمائش کے لیے تاریخی مقام شالامار باغ کا انتخاب کیا ، جو اپنی قدامت، دلکشی اور ثقافتی اہمیت کے باعث ایک مثالی مقام ہے۔

ترجمان کے مطابق یہ نمائش ہمیشہ لاہور کے معروف تفریحی و تاریخی مقامات پر منعقد ہوتی رہی ہے، اس تبدیلی کا مقصد شہریوں کو آسان رسائی فراہم کرنا اور انہیں ایک تاریخی ماحول میں تفریحی مواقع مہیا کرنا ہے۔ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی بھی اس اقدام میں معاونت کر رہی ہے تاکہ شالامار باغ کے تاریخی حسن کو مزید اجاگر کیا جا سکے اور شہریوں کو اس کے ثقافتی ورثے سے روشناس کرایا جا سکے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ یہ نمائش پھولوں اور باغبانی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ خوشبو سازی اور گارڈن ٹورزم کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوگی، شہری اس ایونٹ میں رنگ برنگے آرائشی پھولوں، نایاب پودوں اور قدرتی حسن سے لطف اندوز ہوئے جبکہ شجرکاری اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے بھی آگاہی فراہم کی گئی۔ ترجمان کے مطابق ہارٹیکلچر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سربراہ ابرار اور ملت ٹریکٹرز سے میڈم شائستہ نے گورنمنٹ کالج و ایچی سن کالج کے طلبہ کے ساتھ تقریب میں شرکت کی جنہوں نے پھولوں کے ڈسپلے لگائے۔

اس موقع پر والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری نے مہمان خصوصی کے طور پر ثقافتی ورثے کے تحفظ اور شہریوں کے لیے تفریحی مواقع کو فروغ دینے میں نمائش کے کردار پر روشنی ڈالی۔

متعلقہ عنوان :