ایئر ایمبولینس کے ذریعہ پاڑہ چنار کیلئے ادویات کی کھیپ پہنچا دی گئی

جمعرات 27 مارچ 2025 23:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر صحت احتشام علی کی خصوصی ہدایت پر عید سے قبل ڈی ایچ کیو ہسپتال پاڑہ چنار کیلئے ادویات کی ایک اور کھیپ صوبائی ایئر ایمبولینس کے ذریعہ پہنچا دی گئی۔ دو پروازوں کے ذریعہ چار ہزار کلوگرام وزنی ادویات اور سو سے زائد مسافروں کو پشاور سے پاڑہ چنار اور پاڑہ چنار سے پشاور منتقل کیا گیا۔

مشیر صحت احتشام علی نے یہاں سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ عید سے قبل ضروری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بروقت اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس ضمن میں نہ صرف ایمرجنسی ادویات پاڑہ چنار بھیجی گئیں بلکہ مریضوں اور دیگر مسافروں کو بھی منتقلی کی سہولت فراہم کی گئی تاکہ وہ عید اپنے گھروں میں مناسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کو کرم کی صورتحال کا بخوبی ادراک ہے، اور محکمہ صحت ہنگامی بنیادوں پر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عید کے موقع پر ممکنہ ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایمرجنسی ادویات کی فراہمی کو ترجیح دی گئی ہے تاکہ مریضوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔مشیر صحت احتشام علی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت عوام کی صحت اور سہولت کو اولین ترجیح دیتی ہے، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں محکمہ صحت پوری طرح مستعد ہے۔

متعلقہ عنوان :