پاکستان اسلام کا قلعہ ہے ،لیلتہ القدر کے موقع پراتحادو یکجہتی کا عہد کیا جائے ،طارق فضل چوہدری

جمعہ 28 مارچ 2025 00:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2025ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوھری نے کیا ہے کہ دنیا کی ہر کامیابی عارضی ہے قرآن وسنت پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم دنیا اور آخرت کی کامیابیاں سمیٹ سکتے ہیں ۔ لیلتہ القدر کی اس بابرکت رات ہم عہد کریں کہ ہم ہر قسم کی تقسیم سے بالا تر ہوکر اتحادو یک جہتی کا راستہ اختیار کریں گے ۔

وہ جمعرات کوجشن نزول قرآن کے سلسلے میں فیصل مسجد میں قومی محفل شبینہ سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے ترکیہ کے سفیر کی جانب سے 16 ویں صدی میں ہاتھ سے لکھا ہوا قران حکیم کا نادر نسخہ پاکستان کو عطیہ کرنے پر شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ اس ماہ مقدس کی یہ برکات ہیں کہ 100سے زائد حفاظ بچے بھی اس تقریب میں شریک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا کا ہر شخص اس وقت کامیابی حاصل کرنے کی تگ و دو میں ہے اصل کامیابی اللہ اور اس کے رسولﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔

(جاری ہے)

یہ عارضی دنیا ہے اور یہ چند دن کی ہے اور ایک ایک عمل کا جو حساب ہے وہ آپ نے آگے دینا ہے جو اخرت میں کامیاب ہوا وہ سب سے کامیاب انسان ہوگا۔ اس اجتماع سے پیغام پوری دنیا میں جائے گا۔پاکستان اسلام کا قلعہ ہے اللہ تعالیٰ نے ہمیں ہر نعمت عطا فرمائی ہمیں مل جل کے اپنے اس وطن عزیز کی سرحدوں اور داخلی امن کی حفاظت کرنی ہے اور ایک قوم کی طرح مسلم امہ کی طرح رہنا ہے،انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے سفیر نے کہا ہے کہ اگرپاکستان اور ترکیہ اکٹھے ہوں تو اللہ تعالیٰ مسلمانوں کو وہ عزت اور وہ منزل عطا فرمائیں گے جو ایک زمانے میں خلافت راشدہ کوحاصل تھی جب مسلمان پوری دنیا میں ترقی کی علامت تھے۔

متعلقہ عنوان :