سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے لین ڈسپلن بارے عوام کو آگاہی فراہم کی

جمعہ 28 مارچ 2025 10:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2025ء) سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیم نے خیبر روڈ اور جی ٹی روڈ پر ناکہ بندی کے دوران لین ڈسپلن کی خلاف ورزی اور غلط طریقے سے اوورٹیک کرنے والوں کو آگاہی فراہم کی اور نقصانات بارے آگاہ کیا ۔ایجوکیشن ٹیم نے ڈرائیور حضرات کو آئندہ خطرناک طریقے سے ڈرائیونگ کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

اس دوران ایجوکیشن ٹیم نے لین میں ٹریفک رواں رکھنے کے لئے کون رکھے اور شہریوں میں اوور سپیڈنگ سے ہونے والے نقصانات اور سیٹ بیلٹ کے فوائد سے متعلق پمفلٹس تقسیم کئے ۔چیف ٹریفک آفیسر پشاور ہارون رشید خان نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور عوام میں ٹریفک قوانین سے متعلق شعور بیدار کرنے اور آگاہی فراہم کرنے کی خاطر مختلف مقامات اور اداروں میں تربیتی نشستوں کا اہتمام کرتی ہے جس کا مقصد ٹریفک حادثات میں کمی لانا اور شہریوں کو ٹریفک قوانین کا پابند بنانا ہے اور تربیتی نشستوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔