ڈی پی او کوہستان اپر کی پولیس افسران کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد، چاند رات پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت

جمعہ 28 مارچ 2025 10:40

داسو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2025ء) ڈی پی او کوہستان اپر فرمان اللّٰہ ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد کیا جس میں رمضان المبارک کے آخری آیام کے دوران سکیورٹی خصوصاً چاند رات پر ہوائی فائرنگ کی روک تھام اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شعبہ اطلاعات و تعلقات عامہ کوہستان اپر پولیس کے مطابق ڈی پی او نے ایس ایچ اوز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہوائی فائرنگ نہ صرف انسانی جانوں کے لیے خطرناک ہے بلکہ معاشرتی امن و امان کے لیے بھی نقصان دہ ہے، پولیس ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے۔

ڈی پی او نے قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرنے اور ان کی چاند رات حوالات میں گزارنے کے واضح احکامات جاری کئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جملہ ایس ایچ اوز اپنے حدود میں علماء کرام اور معززین کے ساتھ میٹنگز منعقد کر کے ہوائی فائرنگ کے نقصانات پر روشنی ڈالیں اور عوام کو اس کے خلاف شعور و آگاہی فراہم کریں۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ اپنے گھروں اور گلی محلوں میں ان خطرناک سرگرمیوں سے گریز کریں اور اپنے اردگرد کے ماحول پر نظر رکھیں، کوہستان اپر پولیس عوام کے تعاون سے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔