اسلحہ لائسنس کے نام پر جعلی ویب سائٹس بند اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، محکمہ داخلہ پنجاب

جمعہ 28 مارچ 2025 13:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2025ء) محکمہ داخلہ پنجاب نے اسلحہ لائسنس کے حوالے سے بوگس ویب سائٹس اور سوشل میڈیا اکائونٹس کے خلاف سخت ایکشن لینے کے لئے چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور ڈائریکٹر جنرل فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کو مراسلے جاری کر دیئے ۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے آگاہ کیا کہ پنجاب میں گزشتہ ایک سال سے نئے اسلحہ لائسنس پر مکمل پابندی عائد ہے اور حکومتی پابندی کے باعث پنجاب میں نئے اسلحہ لائسنس کی کوئی درخواست موصول نہیں کی جا رہی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اسلحہ لائسنس کے اجرا اور اس ضمن میں ہر قسم کے فراڈ سے ہوشیار رہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے مراسلوں میں درج کیا گیا ہے کہ سادہ لوح شہریوں کو دھوکہ دینے کےلئے ’’پنجاب آرمز لائسنس مینجمنٹ ویریفیکیشن سسٹم‘‘ (http://palms.org.pk) کے نام سے جعلی اور بوگس ویب سائٹ رپورٹ ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

فراڈ عناصر اسلحہ لائسنس کے اجرا کی آڑ میں شہریوں سے بھاری رقم کی ڈیمانڈ کرتے ہیں۔

ایسے غیر قانونی پلیٹ فارمز اپنے نام اور انداز سے سرکاری ہونے کا دعوی کرتے ہیں۔ ایسے فراڈ عناصر مختلف موبائل نمبر اور ایزی پیسہ اکائونٹ بھی استعمال کر رہے ہیں جنہیں بند کروایا جا رہا ہے۔اسلحہ لائسنس کے نام پر جعلی ویب سائٹس بند اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔محکمہ داخلہ پنجاب نے سفارش کی ہے کہ پی ٹی اے اور ایف آئی اے مکمل چھان بین کر کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ اسلحہ لائسنس کے حوالے سے حکومت پنجاب کی اصل ویب سائٹ www.pal.nadra.gov.pk/pal ہے۔ اسلحہ لائسنس کی تجدید و تبدیلی کے تمام مراحل آفیشل ویب سائٹ اور نادرا کے ذریعے آن لائن ہیں۔ اصل ویب سائٹ www.pal.nadra.gov.pk/pal کے علاوہ دیگر تمام ویب سائٹس اور اکائونٹ جعلی ہیں جنہیں رپورٹ کیا جانا چاہیے۔ عوامی مفاد میں دیگر تمام جعلی ویب سائٹس اور اکائونٹ بلاک کر کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور ڈائریکٹر جنرل (سائبر کرائم) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے نام مراسلے جاری کر دیئے ہیں۔