Live Updates

آئی ایم ایف کا ایک اور وفد جلد پاکستان کا دورہ کریگا، نئے مالی سال کے بجٹ پر مشاورت ہوگی

معاہدے پر عمل درآمد نہ ہوا تو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے قرض کی فراہمی ممکن نہیں ہوگی، ذرائع

جمعہ 28 مارچ 2025 20:55

آئی ایم ایف کا ایک اور وفد جلد پاکستان کا دورہ کریگا، نئے مالی سال ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2025ء)پاکستان میں نئے مالی سال2025-26کے بجٹ کی تیاری کے حوالے سے آئی ایم ایف کا ایک اور وفد جلد ملک کا دورہ کرے گا۔ ذرائع کے مطابق اس دورے میں بجٹ سے متعلق اہم امور پر فیس ٹو فیس اور آن لائن مشاورت کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ مشاورت کے بعد بجٹ کو حتمی شکل دے کر پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔

نئے مالی سال کا بجٹ جون کے پہلے ہفتے میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔آئی ایم ایف کی جانب سے پراپرٹی سیکٹر میں کچھ حد تک ریلیف دینے پر آمادگی ظاہر کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق جائیداد کی پہلی خرید و فروخت پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کر دی جائے گی، تاہم ودہولڈنگ اور انکم ٹیکس کی موجودہ شرح برقرار رہے گی۔

(جاری ہے)

پراپرٹی فروخت کرنے والوں پر بھی موجودہ ٹیکس کی شرح میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔

ذرائع نے بتایاہے کہ آئی ایم ایف معاہدے کے تحت سفارشات کی حتمی منظوری ایگزیکٹو بورڈ مئی کے آخر یا جون میں دے گا، اس وقت تک بجٹ کی تیاری مکمل ہو چکی ہوگی۔ معاہدے پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے قرض کی فراہمی ممکن نہیں ہوگی۔ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس بجٹ کی تفصیلات طے ہونے کے بعد طلب کیا جائے گا، تاہم اپریل میں ہونے والے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں پاکستان کے پروگرام پر کوئی غور نہیں کیا جائے گا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات