;پریس کلب کوئٹہ کی حیثیت اور وقار کو برقرار رکھنانہ صرف صحافیوں بلکہ تمام سیاسی جمہوری پارٹیوں اور جمہوریت پسند عوام کا بھی فریضہ ہے، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی

جمعہ 28 مارچ 2025 22:30

>کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2025ء)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں پریس کلب کوئٹہ کے نومنتخب صدر عرفان سعید اور جنرل سیکرٹری ایوب ترین اور دیگر نومنتخب کابینہ کے اراکین کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے بجاء طو رپر اس امید کا اظہار کیا گیا ہے کہ وہ آزادی صحافت ، جمہورکی حکمرانی اور آئین کے بالادستی کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرینگے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پریس کلب کوئٹہ کی حیثیت اور وقار کو برقرار رکھنانہ صرف صحافیوں بلکہ تمام سیاسی جمہوری پارٹیوں اور جمہوریت پسند عوام کا بھی فریضہ ہے ۔بدقسمتی سے فارم 47کی حکومت نے اپنے غیر آئینی ، غیر جمہوری ، غیر قانونی فیصلوں وناروا اقدامات کے ذریعے نہ صرف ملک کے حقیقی سیاسی جمہوری پارٹیوں ، اکابرین ، رہنمائوں کو اجتماعات ،پارلیمانی ودیگر فورمز پر تقاریر وپروگراموں کو پر قدغنیں عائد کی اور انہیں سنسر کیا بلکہ آزادی صحافت پر بھی مختلف حربوں بالخصوص پیکا ایکٹ کے سیاہ قانون کو مسلط کیا۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی اپنے غیور وطن دوست ، جمہوریت پسند عوام کی تائید وحمایت سے فارم 47کی حکومت/حکومتوں کے ہر ناروا غیر آئینی ، غیر جمہوری ، غیر قانونی فیصلوں کی مذمت اور اسے کھلی طو رپر مسترد کرتی ہے اور صحافیوں کو بھی یہ یقین دلاتی ہے کہ ان کی ہر جمہوری جدوجہد آزادی صحافت اور آئین کی بالادستی کے لیے ان کے ہمراہ ہوگی۔ بیان کے آخر میں ایک مرتبہ پھر پریس کلب کوئٹہ کے نومنتخب کابینہ کے تمام اراکین کو کو مبارکباد پیش کیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :