ڈویژنل ڈائریکٹر سکولز کوئٹہ کی زیر صدارت سی آر سی کااجلاس ،اساتذہ تعیناتی سے متعلق شارٹ لسٹڈ امیدواروں کے اعتراضات کا جائزہ

جمعہ 28 مارچ 2025 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری شکیل قادر خان کے احکامات کی روشنی میں کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات کی ہدایت پر بدھ کے روز ڈویژنل ڈائریکٹر سکولز کوئٹہ ڈویژن سید عارف شاہ کی زیر صدارت سی،آر،سی کا اجلاس منعقد ہوا ۔منعقدہ اجلاس میں سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی میں تعیناتی کے لیے شارٹ لسٹڈ امیدواران پر اٹھائے گئے اعتراضات کو جلد از جلد نمٹانے اور متاثر سائلین کو درپیش تحفظات و مشکلات کا بروقت آزالہ کرنے پر غور و خوض کیا گیا جبکہ کوئٹہ ڈویژن کے چار اضلاع چمن،قلعہ عبداللہ،پشین اور ضلع کوئٹہ سے تقریبا 240 سے زائد امیدواروں کی جانب سے موصول شدہ اعتراضات نمٹانے کا ہدف مقرر کیا گیا اور مختلف تجاویز زیر غور آئے،ان میں ضلع کوئٹہ کے 80،ضلع پشین سے 150 اور ضلع قلعہ عبداللہ سے 6 جبکہ ضلع چمن سے 7 اعتراضات کی درخواستیں موصول ہوئیں ہیں،احلاس کے دوران اس ضمن میں تمام اضلاع کے ضلعی ایجوکیشن آفسران سے ٹیلی فونک روابط بھی قائم کیے گئے،اور انہیں اس بابت متعلقہ کمیٹی کو اپنے اپنے اضلاع میں یونین کونسل کی سطح پر تفصیلات و دیگر معلومات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی،اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل ڈائریکٹر سید عارف شاہ نے کہا کہ اساتذہ کی تعیناتی میں میرٹ اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جبکہ حصول علم کی راہ میں رکاوٹ اور بے ضابطگی سمیت میرٹ کی پامالی کسی صورت قابل قبول نہیں ہے،کیونکہ صوبائی حکومت کی جانب سے شعبہ تعلیم میں جاری اصلاحات و اقدامات کے ثمرات دور دراز کے دیہی علاقوں تک باپم پہنچانا اولین ترجیحات میں شامل ہے اجلاس میں ایڈیشنل ڈویژن ڈائریکٹر عبدالمالک،ڈپٹی ڈویژنل ڈائریکٹر (ایڈمن) علی احمد خان خلجی،اسسٹنٹ ڈائریکٹر کوئٹہ ڈویژن ڈاکٹر محمد ہاشم خان سمیت سی،آر،سی کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژن ڈائریکٹر سید عارف شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیمی معیار کو بہتر سے بہترین بنانے اور میرٹ کی شفافیت کے لیے کوشاں ہیں تاہم اس ضمن میں تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مثبت اور دیرپا نتائج کے حصول کے لیے مزید موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں،اجلاس میں درخواست گزار امیدواران کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات کو میرٹ کی بنیادوں پر نمٹانے کیلئے ڈویژنل ڈائریکٹر(ایڈمن) علی احمد خان خلجی کی سربراہی میں سی،آر،سی کے ممبر آفسران کی کمیٹی تشکیل دی گئی،کمیٹی ممبران جلد از جلد تمام اضلاع میں شواہد و دستاویز کی جانچ پڑتال کے بعد ڈویژنل ڈائریکٹر کو رپورٹ پیش کرے گی،دریں اثناء ڈویژنل ڈائریکٹر (ایڈمن) علی احمد خان خلجی نے اس عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے کسی امیدوار کی حق تلفی اور میرٹ کی پامالی نہیں ہو گی،جبکہ صوبائی حکومت کے وژن کے عین مطابق تعلیمی اصلاحات کے ضمن میں میرٹ کی شفافیت کے لیے جاری اقدامات کو یقینی بنانے میں ایک دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔