نیتن یاہو اہالیان غزہ کو وصول کرنے والے ملکوں کی تلاش میں ہیں، اسرائیلی عہدیدار

صومالیہ اور جنوبی سوڈان کے ساتھ ساتھ انڈونیشیا سمیت دیگر ممالک کے ساتھ بات چیت ہو چکی ہے،گفتگو

ہفتہ 29 مارچ 2025 12:13

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2025ء)دو اسرائیلی عہدیداروں نے بتایا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے اسرائیلی غیر ملکی انٹیلی جنس سروس (موساد)کو ایسے ممالک کی تلاش کا کام سونپ دیا ہے جو غزہ کی پٹی سے بڑی تعداد میں بے گھر فلسطینیوں کو وصول کرنے پر رضامند ہوں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیلی حکام اور ایک سابق امریکی عہدیدار نے بتایاکہ صومالیہ اور جنوبی سوڈان کے ساتھ ساتھ انڈونیشیا سمیت دیگر ممالک کے ساتھ بات چیت ہو چکی ہے۔

ادھر اسرائیلی حکام نے کہا کہ نیتن یاہو نے کئی ہفتے قبل موساد کو یہ خفیہ مشن سونپا تھا۔ یاد رہے غزہ کی 90 فیصد آبادی بے گھر ہو چکی ہے۔ اسرائیل دوسرے اقدامات کے علاوہ جنگ کے دوبارہ شروع ہونے اور پٹی کے کچھ حصوں سے فلسطینیوں کے انخلا کے احکامات کے اجرا کے ساتھ غزہ سے فلسطینیوں کے انخلا کی حوصلہ افزائی کے لیے یہ قدم اٹھا رہا ہے۔

(جاری ہے)

نیتن یاہو اور دیگر سینئر اسرائیلی عہدیداروں نے وعدہ کیا کہ اگر حماس نے باقی یرغمالیوں کو رہا کرنے سے انکار کیا تو وہ غزہ کے مزید علاقے پر قبضہ کر لیں گے۔

اسرائیلی حکام نے غزہ پر بڑے پیمانے پر زمینی حملے پر تبادلہ خیال بھی کیا ۔ تاہم ابھی تک اس کا حکم نہیں دیا ہے۔ اس بات چیت میں غزہ کی پٹی کی زیادہ تر آبادی کو پٹی کے جنوب میں ایک چھوٹے سے انسانی ہمدردی کے زون میں جانے پر مجبور کرنا شامل ہے۔