وزیراعظم پاکستان اور تاجکستان کے صدر کا ٹیلیفونک رابطہ، عید کی مبارکباد دی ، نیک تمنائوں کا اظہار

دونوں رہنماؤں کا پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مضبوط ہوتے تعلقات پر اطمینان کا اظہار

ہفتہ 29 مارچ 2025 21:36

وزیراعظم پاکستان اور تاجکستان کے صدر کا ٹیلیفونک رابطہ، عید کی مبارکباد ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2025ء)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تاجکستان کے صدر، عزت مآب امام علی رحمن سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔ وزیراعظم نے صدر امام علی رحمان کو عیدالفطر کے پٴْرمسرت موقع پر دلی مبارکباد پیش کی اور تاجک عوام کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا، تعلقات کے مزید فروغ کیلئے آئندہ کے باہمی لائحہ عمل و مصروفیات پر تبادلہ خیال کیا، اور باہمی دلچسپی کے علاقائی امور پر بات چیت کی۔

وزیراعظم نے کرغز-تاجک سرحد کی حد بندی سے متعلق حالیہ معاہدے پر دستخط کو سراہتے ہوئے صدر تاجکستان کو اس کامیابی پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ تاجکستان میں مئی 2025 کے اواخر میں دوشنبے میں گلیشئیر کی حفاظت کانفرنس میں شرکت کے منتظر ہیں۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مضبوط ہوتے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور انہیں مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صدر امام علی رحمن کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔