ملک میں دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے اتحاد ضروری ہے، خرم دستگیر

اس مقصد کے حصول کے لیے بلوچستان اور خیبرپختونخواہ حکومتوں کے ساتھ تعاون کرنے کو تیار ہیں؛ ن لیگی رہنماء کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 30 مارچ 2025 14:20

ملک میں دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے اتحاد ضروری ہے، خرم دستگیر
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 مارچ2025ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس لعنت سے نمٹنے اور قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اجتماعی کوشش ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے لیے پرعزم ہیں، اس مقصد کے حصول کے لیے بلوچستان اور خیبرپختونخواہ (کے پی کے) کی حکومتوں کے ساتھ تعاون کرنے کو تیار ہیں، بلوچستان اور خیبرپختونخواہ حکومتوں کو مشورہ ہے کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنے وسائل کو مؤثر طریقے سے استعمال کریں۔

خرم دستگیر نے زور دے کر کہا کہ پاکستان متحد ہے اور اپنے بیرونی اور اندرونی دشمنوں کو شکست دینے کے لیے پرعزم ہے، اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے قوم کا عزم غیر متزلزل ہے، پاکستان کے سیاسی منظر نامے میں اتحاد اور مکالمے کی بہت زیادہ اہمیت ہے، موجودہ ملکی صورتحال میں خاص طور پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مشورہ ہے کہ وہ تعمیری بات چیت میں شامل ہو اور ملکی مفادات کو سب سے زیادہ ترجیح دی جائے۔