کراچی، کورنگی کراسنگ پر نئے انڈس ہسپتال کے فیز ون میں 90 بستروں کی ایمرجنسی شروع

جناح ہسپتال اور سول ہسپتال کے بعد کورنگی انڈس اسپتال شہر کا تیسری بڑا ہسپتال ہوگا، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ

اتوار 30 مارچ 2025 18:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2025ء)سندھ حکومت اور انڈس ہسپتال کی شراکت داری سے کورنگی کراسنگ پر نیا انڈس ہسپتال قائم کردیا گیا، فیز ون میں 90 بستروں کی ایمرجنسی شروع کر دی گئی جبکہ ایک ہزار 300 بستروں پر مشتمل انڈس ہسپتال کا جلد افتتاح کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کورنگی انڈس ہسپتال کا دورہ کیا، انڈس ہسپتال کے پروفیسر ڈاکٹر عبدالباری نے وزیراعلی سندھ کو منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ جناح ہسپتال اور سول ہسپتال کے بعد کورنگی انڈس اسپتال شہر کا تیسری بڑا ہسپتال ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کورنگی انڈس ہسپتال میں مفت علاج مہیا کیا جائے گا، بدین ہسپتال کو بھی انڈس نیٹ ورک چلا رہا ہے، جوکہ علاج معالجیکی بہترین سہولتیں فراہم کررہا ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ نرسنگ کو ایک اہم پیشہ بنانا چاہتے ہیں، تاکہ بچے اس جانب زیادہ سے زیادہ رخ کریں، بیرون ملک نرسنگ کے پروفیشنلز کی بہت مانگ ہے، ساتھ ہی ساتھ ملک کے اندر بھی پیرا میڈیکل اسٹاف کی ضروریات پوری کرنا اہم ہے۔