وقت کم مقابلہ سخت، چاند نظر آتے ہی ملک بھر کے بازاروں میں عید کی شاپنگ کیلئے رش بڑھ گیا

خواتین کے ساتھ بچے اور مرد حضرات بھی اپنی عید کی تیاریوں کو فائنل کرنے کے لیے شاپنگ میں مصروف دکھائی دیئے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 30 مارچ 2025 21:00

وقت کم مقابلہ سخت، چاند نظر آتے ہی ملک بھر کے بازاروں میں عید کی شاپنگ ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 مارچ 2025ء ) عیدالفطر کا چاند نظر آتے ہی ملک بھر کے بازاروں میں رش لگ گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا گیا اور عید الفطر کل ہوگی، چاند نظر آنے کے بعد عوام کی بڑی تعداد نے بازاروں کا رک کرلیا اور ملک بھر کے بازاروں میں خواتین اور مرد حضرات کی عید کی شاپنگ مکمل کرنے کے لیے دوڑیں لگ گئیں، عید خریداری میں خواتین کی تعداد زیادہ ہے جن کے ساتھ بچے اور مرد حضرات بھی اپنی عید کی تیاریوں کو فائنل کرنے کے لیے شاپنگ میں مصروف دکھائی دیئے۔

بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی میں پاکستان کی پہلی واکنگ سٹریٹ صدر بنک روڈ پر عید شاپنگ پر شہریوں کا ہجوم امڈ آیا، چاند رات پر صدر بنک روڈ لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا جہاں رات میں دن کا سماں بن گیا، چاند رات پر بنک روڈ پر خریداروں کا انتہا کا رش رہا، خوبصورت بینچ، فوڈ کیبن، جگمگاتی لائٹنگ اور پھولوں کی مہک سے شہری خوب محظوظ ہوئے، واکنگ سٹریٹ میں جیولری، چوڑیوں، مہندی کے سٹالز لگائے گئے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹس بورڈ کی ہدایت پر راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کا پیڈسٹرین سٹریٹ پر عید شاپنگ کے لیے آنے والے خریداروں کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے، سی ای او کنٹونمنٹ بورڈ کی ہدایت پر واکنگ سٹریٹ میں شاپنگ کے لیے آنے والے خریداروں کو وسیع پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی جہاں شہریوں نے گاڑیاں پارک کرنے کے بعد پُرسکون ماحول میں شاپنگ کی۔

بتایا جارہا ہے کہ راولپنڈی اور اس کے گرد ونواح سے بڑی تعداد میں خواتین، فیملیز، نوجوانوں اور مرد حضرات نے بڑے بڑے شاپنگ مال کا رخ کیا، شہریوں نے واکنگ سٹریٹ میں پیدل گھوم پھر کر خوشگوار ماحول میں شاپنگ کرنے کو ترجیح دی، بنک روڈ پر آنے والے خریداروں کی جانب سے راولپنڈی کنٹونمنٹ کے تاریخی پراجیکٹ کو خواب سراہا گیا، عید شاپنگ کی مناسبت سے صفائی، سیکیورٹی، انجینئر برانچ، گارڈن برانچ کے عملے کو واکنگ سٹریٹ پر تعینات کیا گیا۔