احمد پور شرقیہ، وین میں آتشزدگی،2 طالبات جاں بحق 10زخمی

وین میں آگ ایل پی جی کی لیکیج کے باعث لگی، ٹول پلازہ کے قریب طالبات کی وین میں اچانک آگ لگ گئی، زخمی طالبات کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 2 جولائی 2025 11:35

احمد پور شرقیہ، وین میں آتشزدگی،2 طالبات جاں بحق 10زخمی
احمد پور شرقیہ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02جولائی 2025)احمد پور شرقیہ میں وین میں آتشزدگی،2 طالبات جاں بحق جبکہ 10زخمی ہوگئیں،ٹول پلازہ کے قریب طالبات کی وین میں اچانک آگ لگ گئی، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اور پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی،زخمی طالبات کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، ریسکیو حکام کے مطابق وین میں آگ ایل پی جی کی لیکیج کے باعث لگی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے وین ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا۔ وین آتشزدگی واقعے پر 3 نجی کالجز کی انتظامیہ، وین مالک اور وین ڈرائیور پر مقدمہ درج کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور طالبات کو وین سے نکالا گیا جب کہ زخمی طالبات کو موٹروے پولیس نے ریسکیو 1122 کی مدد سے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ریسکیو حکام کے مطابق احمد پور شرقیہ میں وین آتشزدگی واقعہ کے دوران جھلس کر زخمی ہونے والی طالبہ ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑگئی۔ 17 سالہ اجالا کو نشتر ہسپتال ملتان منتقل کیا گیا مگر جانبر نہ ہو سکی۔ریسکیو حکام کامزید یہ کہنا تھا کہ 19 طالبات لیاقت پور سے احمد پور شرقیہ فرسٹ ائیر کا پیپر دینے آئی تھیں ان کی وین میں آگ ایل پی جی گیس لیکیج کے باعث لگی اور حادثے کے نتیجے میں 8 طالبات محفوظ رہیں۔

موٹروے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد کے مطابق وین میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی،جب گاڑی میں 18 طالبات سوار تھیں جو امتحان دے کر واپس جا رہی تھیں۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے احمد پور شرقیہ میں وین حادثے میں جاں بحق ہونے والی طالبات کے والدین سے اظہار افسوس کیا ہے۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ غم کی اس گھڑی میں ہم لواحقین کے غم میں شریک ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی اور ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دینے کا حکم جاری کیاہے۔دریں اثناء پنجاب کے علاقے بورے والا میں بے قابو کار نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل ڈالا۔حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، کار کی ٹکر سے 2 موٹرسائیکل سوار موقع پر دم توڑ گئے جبکہ 2 افراد شدید زخمی بھی ہوئے، حادثے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔جاں بحق دونوں نوجوانوں کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعہ کی تحقیقات شروع کردیں تھیں۔