منشیات فروشوں کی پولیس پارٹی پر فائرنگ،ایک کانسٹیبل زخمی،منشیات فروش زخمی حالت میں گرفتار

منگل 1 اپریل 2025 14:50

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اپریل2025ء) منشیات فروشوں کی پولیس پارٹی پر فائرنگ سے کانسٹیبل زخمی ہو گیا جبکہ ایک منشیات فروش کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔پولیس ترجمان کے مطابق گزشتہ شب رات گئے کوٹ ادو کے تھانہ قصبہ گجرات کی پولیس نے مخبر کی اطلاع پر بدنام زمانہ ریکارڈ یافتہ منشیات فروش مرید کی گرفتاری کےلئے چھاپہ مارا تو منشیات فروش نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی،ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کنسٹیبل مصطفی زخمی ہو گیا، کنسٹیبل مصطفیٰ کو دو فائر لگے، منشیات فروش کے ساتھی اور منشیات فروش فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے، پولیس نے منشیات فروش اور اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کےلئے ان کا تعاقب کیا،اور پورے علاقہ کی ناکہ بندی کر دی، کچھ فاصلے پر مسلح منشیات فروشوں کا پولیس پارٹی سے پھر ٹاکرا ہو گیا، منشیات فروشوں نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی،فائرنگ تھمنےکے بعد بدنام زمانہ منشیات فروش مرید کو گرفتار کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس ترجمان کے مطابق زخمی منشیات فروش مرید سے 06 کلو گرام چرس برآمد ہوئی ہے،پولیس نے بتایا کہ منشیات فروش مرید اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا ہے ،جبکہ منشیات فروش مرید کے ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس نے منشیات فروش کو گرفتار کر کے برائے علاج و معالجہ ہسپتال منتقل کردیا ہے۔