وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی اور معززین کی ملاقات

بدھ 2 اپریل 2025 20:00

3کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اپریل2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے آج صوبائی وزراء، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، اعلیٰ حکام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معزز شخصیات نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران شرکاء نے وزیر اعلیٰ کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مہمانوں کے نیک جذبات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عید الفطر خوشیوں، بھائی چارے اور یکجہتی کا پیغام دیتی ہے انہوں نے اس موقع پر عوام سے اپیل کی کہ وہ عید کی خوشیوں میں مستحق افراد کو بھی شامل کریں تاکہ حقیقی معنوں میں عید کی روح کو اجاگر کیا جا سکے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے کی ترقی و استحکام کے لیے تمام طبقات کو یکساں کردار ادا کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی خدمت اور ترقی کے سفر کو مزید آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے اور بلوچستان کی خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایس پی ٹریفک شبانہ حبیب ترین کو حسن کارکردگی سرٹیفکیٹ اور کیش ایوارڈ سے نوازا۔

(جاری ہے)

یہ اعزاز انہیں ٹریفک مینجمنٹ میں ان کی غیر معمولی کارکردگی اور عوامی خدمت کے جذبے کے اعتراف میں دیا گیا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سائنس کالج کوئٹہ کے دورے کے دوران خاتون ٹریفک پولیس افسر شبانہ حبیب ترین کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں کارکردگی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا تھا جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے انہیں گزشتہ روز باقاعدہ اعزاز دیا گیا ایس پی ٹریفک شبانہ حبیب ترین وزیر اعلیٰ بلوچستان کی دعوت پر چیف منسٹر سیکرٹریٹ پہنچیں جہاں انہوں نے ایس ایس پی ٹریفک بہرام خان کے ہمراہ وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اس موقع پر صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی بھی موجود تھے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شبانہ حبیب ترین کی پیشہ ورانہ مہارت اور خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر طرح کے حالات میں اپنی ڈیوٹی انجام دیتی ہیں، جو قابل تحسین ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت انتظامی امور میں خواتین افسران کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور بلا شبہ بلوچستان کی با صلاحیت خواتین افسران ہر سطح پر اپنی صلاحیتوں کو منوا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس میں مقامی خواتین کی بڑی تعداد شامل ہو رہی ہے،م جو ایک خوش آئند عمل ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پولیس اور ایف سی بلوچستان میں خواتین کی شمولیت ایک غیر معمولی اور مثبت تبدیلی کی علامت ہے، اور انتظامی ڈھانچے میں خواتین افسران کی بڑھتی ہوئی تعداد صوبے میں امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی بیٹیاں ہر شعبے میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں جس پر پورے صوبے کو فخر ہے۔