ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور ڈی جی پی ڈی ایم اے کا ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ، قیدیوں میں عیدی اور مٹھائیاں تقسیم

بدھ 2 اپریل 2025 21:00

ةکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اپریل2025ء) عید الفطر کے پہلے روز ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ (ر) سعد بن اسد اور ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم ای) جہانزیب خان نے ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جیل کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور وہاں موجود قیدیوں سے ملاقات کی۔ڈپٹی کمشنر اور ڈی جی پی ڈی ایم اے نے قیدیوں میں عیدی اور مٹھائیاں تقسیم کیں اور ان سے فرداً فرداً بات چیت کرتے ہوئے ان کے مسائل سنے۔

قیدیوں نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا، جن میں قانونی، طبی اور بنیادی سہولیات سے متعلق امور شامل تھے۔ افسران نے قیدیوں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر اور ڈی جی پی ڈی ایم اے نے سپرنٹنڈنٹ جیل سے ملاقات کی اور جیل میں درپیش انتظامی و بنیادی سہولیات کے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں جیل میں صفائی، پانی کی فراہمی، صحت کی سہولیات اور دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ افسران نے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تاکہ قیدیوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ (ر) سعد بن اسد نے کہا کہ حکومت قیدیوں کے حقوق اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ جیل انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ وہ قیدیوں کے مسائل کے حل کے لیے اپنی کوششوں کو مزید مؤثر بنائیں۔یہ دورہ انسانی ہمدردی کے جذبات کے تحت کیا گیا تاکہ عید کے موقع پر قیدیوں کو بھی خوشیوں میں شامل کیا جا سکے اور ان کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :