لاڑکانہ ، نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزما ن کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ، ایک زخمی

جمعرات 3 اپریل 2025 18:21

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2025ء) لاڑکانہ میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزما ن کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا ہے۔پولیس کے مطابق عبدالستار ٹوٹانی اور غلام رسول عرف پپو ٹوٹانی موٹرسائیکل پر اپنے گاؤں قائم خان مغیری جا رہے تھے تو تھانہ وگن کی حدود نزد پھال موری سے موٹرسائیکل سوار ملزمان نے ان پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں عبدالستار ٹوٹانی زخمی ہونے کے بعد جاں بحق جب کہ غلام رسول ٹوٹانی زخمی ہو گیا ۔

(جاری ہے)

واقعہ کا مقدمہ تھانہ وگن پر فوتی کے رشتہ دار فدا حسین ٹوٹانی کی مدعیت میں تین نامزد ملزمان بنام عبدالجبار سولنگی، دیدار علی سولنگی اور عبدالغفار سولنگی سکنہ میاں رتو تحصیل وارھ اور تین نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے رات پولیس نے گاؤں میاں رتو سمیت مختلف مقامات پر چھاپے مارے لیکن ملزمان گھر سے فرار ہوگئے ہیں چند مشکوک افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے جن سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔اس سلسلے میں مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔جلد ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرےمیں لایا جائے گا۔