عید الفطر تعطیلات کے دوران مسافروں سے اضافی کرایہ لینے والے ٹرانسپورٹرز پر جرمانے عائد

جمعرات 3 اپریل 2025 22:57

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت اور ڈپٹی کمشنر خرم پرویز کی زیر نگرانی سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ریاست علی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ عید الفطر تعطیلات کے دوران نیو جنرل بس سٹینڈ بائی پاس اور دیگر شاہراہوں پر چیکنگ کے دوران مسافروں سے اضافی کرائے لینے والے ٹرانسپورٹرز پر جرمانے عائد کیے اور موقع پر ہی مسافروں کو ان کے پیسے واپس کرائے گئے ۔

سیکرٹری آر ٹی اے ریاست علی نے بتایا کہ عید تعطیلات میں ضلع بھر میں انسپکشن کے دوران مسافروں سے زائد کروائے وصول کرنے اور اوور لوڈنگ پر 54 گاڑیوں کے چالان ، 8 گاڑیوں کو بند ، دو لاکھ 35 ہزار جرمانہ اور 3 لاکھ 75 ہزار کرایہ مسافروں کو واپس کروایا گیا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری آر ٹی اے اور ان کی ٹیم نے مسافروں سے کرایوں کے بارے میں دریافت کیا اور زائد کرایہ وصول کرنے پر ٹرانسپورٹرز کو موقع پر ہی جرمانے کیے گئے ۔

جرمانے کے ساتھ ساتھ اضافی کرایہ فوری طور پر مسافروں کو واپس بھی کرایا گیا۔سیکرٹری آر ٹی اے ریاست علی نے واضح کیا کہ مسافروں سے اضافی کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا اور اگر دوبارہ زائد کرایہ وصول کیا گیا تو گاڑیاں ضبط کرلی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید کے بعد بھی پردیسیوں کی واپسی کے دوران یہ مہم جاری رہے گی تاکہ عوام کو سفری سہولتوں میں ریلیف فراہم کیا جاسکے۔