عید کے بعد پہلے ہی کاروبار دن پر ڈالر کی غیر معمولی بڑی چھلانگ، روپیہ کمزور ہو گیا

جمعرات کے روز عید کی تعطیلات کے بعد کاروباری سرگرمیاں بحال ہونے پر ڈالر کی قیمت میں 40 پیسے کا غیر معمولی اضافہ ہو گیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 3 اپریل 2025 19:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اپریل2025ء) عید کے بعد پہلے ہی کاروبار دن پر ڈالر کی غیر معمولی بڑی چھلانگ، روپیہ کمزور ہو گیا، جمعرات کے روز عید کی تعطیلات کے بعد کاروباری سرگرمیاں بحال ہونے پر ڈالر کی قیمت میں 40 پیسے کا غیر معمولی اضافہ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی انٹربینک مارکیٹ میں عید کی تعطیلات کے بعد ڈالر کی قیمت میں بڑا اضافہ ہوا ہے۔

صرف چند ہی ہفتوں میں انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 278 روپے کی سطح سے بڑھ کر 281 روپے کی سطح کے قریب پہنچ گئی ہے۔ عید کی چھٹیوں کے بعد آج پہلے کاروباری روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 40 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ روپیہ کمزور ہونے سے جمعرات کے روز کاروبار کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر 280 روپے 56 پیسے پر بند ہوا۔

(جاری ہے)

ڈالر کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہونے کو پریشان کن خبر قرار دیا جا رہا ہے۔

جبکہ عید کے بعد پہلے کاروباری روز کے دوران سونے کی قیمت میں بھی ہوشربا اضافہ ہوا۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کے نرخ بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔ جمعرات کے روز پاکستان میں سونے کی قیمت 3 لاکھ 25 ہزار روپے کی سطح سے بھی اوپر چلی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 5 ڈالر اضافے کیساتھ 3089 ڈالر ہوگئی جبکہ پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 500 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت میں 428 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

قیمتوں میں اضافے کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت 3 لاکھ 25 ہزار 500 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت 2 لاکھ 79 ہزار 63 روپے کی بلند ترین سطح پرپہنچ گئی۔ معاشی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 3300 ڈالرز سے بھی تجاوز کر سکتی ہے، ایسا ہونے سے پاکستان میں بھی سونا مزید مہنگا ہو جائے گا۔