مالی سال کے پہلے چھ مہینوں میں پاکستان نے امریکہ کو تقریباً تین ارب ڈالر کی اشیا ء برآمد کیں

گزشتہ مالی سال میں امریکہ بھیجی جانے والی اشیا ء کی مالیت پانچ ارب ڈالر سے زائد تھی‘ رپورٹ

جمعرات 3 اپریل 2025 21:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2025ء) امریکی صدر کی جانب سے نئے ٹیرف کے نفاذ کے بعد پاکستانی برآمد کنندگان میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔ رپورٹ کے مطابق فروری کے مہینے میں پاکستان نے امریکہ کو 40 کروڑ ڈالر سے زائد کی مصنوعات برآمد کیں جبکہ13 کروڑ ڈالر کی اشیا ء درآمد کی گئیں۔ موجودہ مالی سال کے پہلے چھ مہینوں میں پاکستان نے امریکہ کو تقریباً تین ارب ڈالر کی اشیا ء برآمد کیں۔

گزشتہ مالی سال میں پاکستان کی امریکہ بھیجی جانے والی اشیا ء کی مالیت پانچ ارب ڈالر سے زائد تھی۔

(جاری ہے)

پاکستان کی امریکہ کے ساتھ تجارت میں پاکستان سے امریکہ کو بھیجی جانے والی اشیا ء میں سب سے بڑا حصہ ٹیکسٹائل مصنوعات کا ہے جو کل تجارت کا 90فیصد بنتا ہے۔اس کے علاوہ پاکستان سے امریکہ چمڑے کی مصنوعات، فرنیچر، پلاسٹک، سلفر، نمک، سیمنٹ، کھیلوں کا سامان، قالین، فٹ ویئر اور دوسری اشیا ء برآمد کی جاتی ہیںجبکہ پاکستان سے امریکہ جانے والی اشیا ء کے مقابلے میں امریکہ سے پاکستان درآمد کی جانے والی اشیا کا حجم کم ہے۔ امریکہ سے پاکستان آنے والی اشیا ء میں خام کپاس، لوہا اور سٹیل، مشینری، بوائلرز، پرانے کپڑے، کیمیکلز، ادویات اور کچھ دیگر اشیا ء شامل ہیں۔