مظفرآباد ، عید الفطر کے موقع پر تقریباً 600 ٹن کچرا بروقت اکٹھا کر کے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا گیا

جمعہ 4 اپریل 2025 14:15

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2025ء)سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پراجیکٹ کے تحت ایام عید الفطر کے موقع پر تقریباً 600 ٹن کچرا بروقت اکٹھا کر کے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا گیا، صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کرنے پر شہریوں کا شعبہ صفائی میونسپل کارپوریشن مئیر بلدیہ سید سکندر نثار گیلانی، سیکرٹری/ انچارج سید شکیل گیلانی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین، بانی و انچارج سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پراجیکٹ سید شکیل گیلانی کا صفائی کے انتظامات کا تسلسل ایسے ہی برقرار رکھنے کا عزم، وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق،وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی راجہ فیصل ممتاز راٹھور اور مئیر بلدیہ سید سکندر نثار گیلانی کی خصوصی ہدایت پر دارالحکومت مظفرآباد میں عیدالفطر کے موقع پر خصوصی صفائی مہم کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر مدثر فاروق کی زیرنگرانی پی ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پراجیکٹ مظفرآباد سید شکیل گیلانی، اسسٹنٹ کمشنر مظفرآباد سید غلام محی الدین گیلانی، حماد بشیر،عمران نقوی سمیت دیگر آفیسران اور ذمہ داران و کونسلرز جبکہ سول سوسائٹی،تنظیم شہری دفاع کے ایڈیشنل چیف وارڈن خواجہ نذیر احمد،ریسکیو 1122کے رانا ظہیر احمد،عامل صحافیوں آصف رضا میر،لیاقت بشیر فاروقی، جہانگیر حسین اعوان،مسعود الرحمن عباسی، سول سوسائٹی کے شاہد اعوان،عثمان حیدری،میراں آرگنائزیشن،جعفریہ سپریم کونسل،تاجر راہنماوں راجہ ابرار مصطفیٰ،عبدالرزاق خان،فاروق قادری و دیگر نے شاندار روایات کو بحال رکھتے ہوئے جس طرح اپنی اپنی زمہ داریاں پوری کریں وہ تاریخ کا درخشاں باب بن کر آسمان ریاست پر چمکتا رہے گا۔

(جاری ہے)

شہر اقتدار مظفرآباد کے محلوں،بازاروں، نالوں،ڈھلوانی سطحوں،دریاؤں کے کناروں،چوکوں چوراہوں،شاہرات کناروں،عید گاہوں اور مساجد کی صفائی ستھرائی کا نظام بہتر بنانے کیلئے کردار ادا کیا وہ لائق تحسین ہے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید شکیل گیلانی پی ڈی و انچارج سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پراجیکٹ نے کہا کہ دار الحکومت ریاست کا چہرہ ہے، جہاں یومیہ ہزاروں افراد اپنے کاموں کے لئے آتے ہیں،اس لیئے اسے صاف ستھرا رکھنا سب کا فرض ہے،بلدیہ عظمیٰ نامساعد حالات اور انتہائی کم بجٹ و کم افرادی قوت میں رہ کر اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے،عوام کے جان و مال کے تحفظ اور شہر کی صفائی ستھرائی کے لئیے تمام سٹیک ہولڈرز کردار ادا کر رہے ہیں۔

عیدالفطر کی تعطیلات کے دنوں میں صفائی ستھرائی کو موثر بنانے کے لیئے دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے تقریباً 600 ٹن کوڑا کرکٹ اٹھایا اور تلف کیا،اگر تمام مکاتب فکر اسی طرح بلدیہ عظمیٰ کے ساتھ تعاون کریں اور اپنی زمہ داریاں سمجھتے ہوئے کاروباری مراکز سمیت گھروں سے کوڑا کرکٹ بلدیہ کی جانب سے مختص کردہ جگہوں پر رکھیں تو صفائی کا اسی طرح نظام رکھنے کے لیے مصروف جدوجہد رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجٹ میں مظفرآباد شہر کے ترقیاتی منصوبہ جات کے لیے فنڈز مختص کر کے اور دارالحکومت کے میگا پراجیکٹس کی تکمیل اور نئے منصوبہ جات کے لیے وافر بجٹ رکھنے سمیت سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پراجیکٹ،سبزی و فروٹ منڈی کا قیام کرنے اور دیگر مسائل کو حل کرنے کے لیے جس طرح کوشش شروع کر رکھی ہے وہ حوصلہ افزا اور عوام سمیت دار الحکومت مظفرآباد کے ساتھ اظہار محبت کا واضح ثبوت ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ اپر چھتر ہاؤسنگ سکیم کی سڑکوں کی تعمیر، مظفرآباد میں سلاٹر ہاؤس کا قیام، جوڈیشنل کمپلیکس کے لیے سٹرک کی تعمیر،لوہارگلی بائی پاس روڈ کی تعمیر،مظفرآباد شہر میں سیاحوں کے لیے بارہ دری فوڈ سٹریٹ،واک وے کے منصوبوں کے لیے کاوشیں اور کوششیں۔مظفرآزاد شہر میں جاری سی ایم ایچ فلائی اوور کے کام کو بروقت مکمل کرنے اور کارڈیک ہسپتال جو کہ ایک بہترین ہسپتال ہے اسے اپ گریڈ کرنے، ایمز ہسپتال کو اپ گریڈ کرنے کے لیے جس طرح شبانہ روز کوششیں کی جا رہی ہیں وہ قابل تعریف ہیں۔

سید شکیل گیلانی کا کہنا تھاکہ سیاحت کے فروغ،سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پراجیکٹ،پلاسٹک سرجری اور کینسر ہسپتال کی تعمیر کے حوالے سے اقدامات تاریخی اہمیت کے حامل ہیں مگر ان سب کاموں پر صفائی ستھرائی کی جانب توجہ دے کر ہی اصل مقاصد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ان مقاصد کی تکمیل کے لیے ہرممکن کوشش اور دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے فرائض منصبی ادا کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔