ڈی پی او کا نوٹس،کرپشن کے الزام میں اے ایس آئی اور ڈرائیور معطل

جمعہ 4 اپریل 2025 16:08

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2025ء) ڈی پی او مانسہرہ نے کرپشن کے الزام میں اے ایس آئی اور ڈرائیور کو معطل کر کے انکوائری کا حکم دے دیا۔

(جاری ہے)

ترجمان مانسہرہ پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں ایک اے ایس آئی کو شہری سے رقم لیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے،ڈی پی او شفیع اللہ گنڈاپور نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ویڈیو میں نظر آنے والے تھانہ سٹی کے اے ایس آئی وقار اور ڈرائیور اورنگزیب کو معطل کر دیا جبکہ ایس ایس پی اوگی نذیر خان کو واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری آفیسر مقرر کرتے ہوئے ہدایت دی کہ وہ تین دن کے اندر تمام حقائق سامنے لائیں۔

ڈی پی او کا کہنا ہے کہ جرم ثابت ہونے کی صورت میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مانسہرہ پولیس میں کرپٹ عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں،عوام کا اعتماد بحال رکھنے کے لیے دیانتداری اور شفافیت اولین ترجیح ہے۔