کمشنر ڈیرہ غازی خان کا آر پی او کے ہمراہ تونسہ کا دورہ،انتظامات کا جائزہ لیا

ہفتہ 5 اپریل 2025 19:20

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2025ء) کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے آر پی او (ریجنل پولیس آفیسر) کیپٹن (ریٹائرڈ) سجاد حسن خان کے ہمراہ تونسہ کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے تحصیل صدر ہسپتال تونسہ اور شہر کے دیگر تین مقامات پر قائم ایچ ائی وی ایڈز کے سکریننگ کیمپس کا معائنہ بھی کیا۔ ڈاکٹرز پیرا میڈیکل سٹاف، پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام اور محکمہ ہیلتھ کی ٹیموں سے معلومات لیں۔

کمشنر نے سکریننگ کیلئے موجود مرد و خواتین سے بھی بات چیت کی۔اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ ایچ آئی وی /ایڈز کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے بروقت تشخیص ضروری ہے جس کے لیے حکومت پنجاب نے پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کی زیر نگرانی تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال تونسہ ، پوسٹ گریجویٹ بوائز کالج،محلہ چچہ والا اور ڈیرہ سردار مانو خاں کچی آبادی میں سکریننگ کیمپس قائم کردئیے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صحت مند مستقبل کی بنیاد بروقت سکریننگ پر ہے، اپنی اور اپنے بچوں کی جان کو محفوظ بنانے کے لیے ایچ آئی وی اسکریننگ ضرور کروائیں۔کمشنر نے کہا کہ کیمپس کا مقصد شعور بیدار کرنا اور ایچ آئی وی جیسے حساس مرض سے بچاؤ کو ممکن بنانا ہے۔ کمشنر ڈی جی خان نے معائنہ کے دوران موجود طبی سہولیات، عملہ کی کارکردگی اور فراہم کی جانے والی سروسز کا تفصیلی جائزہ لیا اور میڈیکل سٹاف سے بریفنگ لی۔