زکوٰۃ اصلاحات کے فیصلوں پر فوری عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے، عشر ملک افتخار احمد

اتوار 6 اپریل 2025 16:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2025ء) پنجاب کے پارلیمانی سیکرٹری برائے اوقاف، زکوٰۃ و عشر ملک افتخار احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر زکوٰۃ اصلاحات کے فیصلوں پر فوری عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پنجاب کے 41 اضلاع میں ضلعی زکوٰۃ کمیٹیاں، 1546 یونین کونسل زکوٰۃ کمیٹیاں اور صوبائی حلقوں کی خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں جن کی تکمیل کے ساتھ ہی مستحقین کو نئی شرح کے مطابق ماہانہ امداد کی فراہمی کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔

اتوار کو یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب مستحق افراد کے لیے زکوٰۃ فنڈز کی شفاف اور مؤثر تقسیم کو یقینی بنا رہی ہے۔ اس ضمن میں گزارہ الاؤنس کی رقم 1500 سے بڑھا کر 2000 روپے جبکہ شادی گرانٹ کو 25 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کر دیا گیا ہے، تعلیمی وظائف میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ زکوٰۃ اصلاحات کے تحت مختلف سطح پر نئی کمیٹیاں قائم کی جا رہی ہیں جو گزارہ الاؤنس، تعلیمی وظائف، شادی گرانٹ، روزگار اسکیم اور ہیلتھ کیئر جیسے معاملات پر واضح قواعد و ضوابط تیار کریں گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق زکوٰۃ فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنانے کے لیے جدید ڈیجیٹل سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ مستحقین کو ان کے حق کی فوری اور بروقت ادائیگی ممکن ہو سکے۔ پارلیمانی سیکرٹری ملک افتخار احمد نے کہا کہ زکوٰۃ فنڈز کے تحت نئی اسکیموں پر کام جاری ہے جن میں روزگار اسکیم، قیدیوں کی رہائی کے لیے مالی معاونت اور ہسپتالوں میں غریب مریضوں کے مفت علاج کے منصوبے شامل ہیں۔

ان اسکیموں پر عملدرآمد سے صوبے کے لاکھوں مستحقین کو براہ راست فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مستحقین کی فلاح و بہبود کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے اور زکوٰۃ فنڈز کی تقسیم میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی یا تاخیر کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔