ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کا گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ

اتوار 6 اپریل 2025 17:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2025ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ کر کے ڈیوٹی روسٹر کے مطابق ڈاکٹرز اور سٹاف کی حاضری چیک کی اور زیر علاج مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی سمیت تمام ادویات ہسپتال کے اندر سے فراہم کی جائیں گی اور ہسپتال میں دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی سے غیر حاضری ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی ، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف ڈیوٹی پر موجود رہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی ، آپریشن تھیٹرز، میڈیسن اسٹور، وزیر اعلیٰ شکایت سیل اور صفائی ستھرائی سمیت دیگر شعبہ جات کا بھی معائنہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ہسپتال کے واضح مقامات پر ادویات کی فہرستیں اور ڈاکٹرز کے ڈیوٹی روسٹر آویزاں کئے جائیں۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے ڈسکہ کے ڈی ایچ کیو لیول ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور چیک لسٹ کے مطابق ہسپتال کے تمام شعبہ جات کا معائنہ کیا اور حاضری چیک کی۔ ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں ڈسپلن کو برقرار رکھا جائے اور مریضوں کو تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے اے سی ڈسکہ عثمان غنی کے ہمراہ کیو ڈی پی ایس ڈسکہ میں ایڈیشنل کلاس رومز کی تعمیر پر جاری کام کا بھی معائنہ کیا اور زیر تعمیر منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔