تحریک نفاذفقہ جعفریہ کی کال پر آج عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع ایمانی جذبے کیساتھ منایا جائیگا

[دنیا بھر میں ماتمی احتجاجی جلوس ، ریلیاں ہونگی ، تمام مکاتب فکر کے علماء،دانشور، اہل فکر و نظر شرکت کریں گے۔علامہ بشارت امامی علماء خطابات کے ذریعے قرآن و حدیث کی روشنی میں شعائر اللہ کی عظمت کواجاگر کرینگے ،ماتمداری کرکے پرامن صدائے احتجاج بلند کی جائیگی 8شوال کو ملک بھر میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں،میڈیا پروگراموں کو بھرپور کوریج دے۔سیکرٹری جنرل ٹی این ایف جے کا اجلاس سے خطاب

اتوار 6 اپریل 2025 20:20

ؑاسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اپریل2025ء) قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے قائم کردہ 8شوال کو عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع مذہبی جذبے اور ایمانی عقیدت و احترام کیساتھ منایا جائیگا۔اس موقع پر پوری دنیا میں ماتمی احتجاجی جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی جن میں تمام مکاتب فکر کے علماء،دانشور اور اہل فکر و نظر شرکت کریں گے۔

ماتمی دستے خاتون جنت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا،اہلبیت اطہار ؑ،امہات المومنینؓ ،صحابہ کبارؓ اور دیگر بزرگان دین کے مزارات و اسلامی آثار کی1925میں آل سعود کے ہاتھوں مسماری کے خلاف پرامن صدائے احتجاج بلند کرنے کیلئے ماتمداری کریں گے۔علمائے کرام اپنے خطابات میں شعائر اللہ کی اہمیت اور عظمت کو قرآن و حدیث کی روشنی میں اجاگر کریں گے۔

(جاری ہے)

احتجاجی ماتمی مظاہروں میں سربراہ ٹی این ایف جے علامہ آغاسیدحسین مقدسی کا خصوصی پیغام پیش کیا جائیگا ،جنت البقیع کی تعمیر نو کیلئے قراردادوں کے ذریعے عالمی ادروں ،اسلامی کانفرنس اور حقوق بشر کے اداروں کو متوجہ کیا جائیگا۔تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان سیکرٹری جنرل علامہ راجہ بشارت حسین امامی کی صدارت میں آج ایک اجلاس میں اندرون و بیرون ملک ہونیوالے 8شوال کے پروگراموں کو حتمی شکل دی گئی ۔

اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے میڈیا پر زوردیا گیا کہ وہ اس عالمی مسئلے کو اجاگر کرنے کیلئے احتجاجی جلسوں ،ریلیوں اور پرامن مظاہروں کو بھرپور کوریج دے۔قرارداد میں واضح کیا گیا کہ جب تک خانوادہ نبوی ؐ ،ازواج ر سول ؐ،صحابہ کرام ؓ کی قبروں کی تاراجی کیخلاف امت مسلمہ یکجان ہوکر آواز احتجاج بلند نہیں کریگی اور جنت المعلی ،جنت البقیع میں روضہ رسول ؐ کے سائے میں مدفون اسلام کی مقدس ہستیوں کے مزارات کی رونق دوبالا نہیں ہوگی توہین رسالت ،مسجد اقصیٰ اور کشمیر و فلسطین میں مظلوم مسلمانوں کے حق میں ہونیوالا احتجاج غیر موثر رہے گا۔

قرارداد میں قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا گیا کہ وہ وقت جلد آئیگا جب ظلم و بربریت کا خاتمہ ،حق کا بول بالا اور مظلوم کو امان ملے گی۔ انہوں نے 8شوال کو یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ انتظامی امور میں ٹی این ایف جے ،مختارفورس والینٹرز اور ابراہیم اسکاوٹس (اوپن گروپ) انتظامیہ کیساتھ بھرپو ر معاونت کیلئے کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں۔