تیز رفتار بس نے مسافروں سے بھرے ہوئے لوڈر رکشہ کوروند دیا، ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد جاں بحق،نو شدید زخمی ہوگئے

اتوار 6 اپریل 2025 21:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2025ء) جڑانوالہ لاہور روڈ پر لنڈیانوالہ کے قریب تیز رفتار بس نے مسافروں سے بھرے ہوئے لوڈر رکشہ کو ٹکر مار کر روند دیا، رکشہ میں سوار8 افراد جاں بحق جبکہ 9شدید زخمی ہوگئے۔ فیصل آباد کے نواحی علاقہ جڑانوالہ لاہور روڈ پر لنڈیانوالہ کے قریب جڑانوالہ سے لاہور جانیوالی تیز رفتار مسافر بس نمبر 2562 نے بے قابو ہوکر مخالف سمت سے آنیوالے مسافروں سے بھرے ہوئے لوڈر رکشہ کو بری طرح ٹکر ماردی اوررکشے کوروندتی ہوئی اس کے اوپر سے گزر گئی جس کے نتیجہ میں 5 افراد شازیہ زوجہ سلیم عمر35 سال، شہزاد ولد سخی محمد عمر 26 سال، امینہ بی بی زوجہ شہباز علی عمر 18 سال، حمیرا دخترشہباز علی عمر 15 سال اور ممتاز بی بی زوجہ شاہجہاں عمر35 سال موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 12 افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں سے 3 تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال جڑانوالہ پہنچ کر دم توڑ گئے نیز 8 شدید زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے ڈی ایچ کیو،الائیڈ ٹو ہسپتال فیصل آباد منتقل کردیا گیا جن میں سے مزید کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بیان کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ریسکیو انتظامیہ کے مطابق لوڈر رکشہ میں سوار پوری فیملی عیدکی چھٹیاں گزار کر گھر جارہی تھی کہ اتوار کی رات مذکورہ حادثہ پیش آگیا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک حادثہ میں جاں بحق و زخمی ہونیوالوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔انہوں نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے 12 افراد کو فوری طبی امداد دیتے ہوئے ٹی ایچ کیو ہسپتال جڑانوالہ منتقل کیا گیاجن میں سے3 کے جاں بحق ہونے کے بعدباقی زخمیوں کی تشویشناک حالت کے باعث ان میں سے8 کو فیصل آباد ریفرکر دیا گیا۔افسوسناک حادثہ کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ انتظامی و پولیس حکام جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی شروع کردی۔