دوسری شادی کرنے والا وکیل اپنی نئی نویلی دلہن کے بیٹے کے ہاتھوں قتل

مقتول وکیل کے چچا زاد بھائی کی مدعیت میں بیوی شائستہ رزاق سمیت 4 ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 7 اپریل 2025 13:13

دوسری شادی کرنے والا وکیل اپنی نئی نویلی دلہن کے بیٹے کے ہاتھوں قتل
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اپریل 2025ء ) راولپنڈی میں دوسری شادی کرنے والا وکیل اپنی نئی نویلی دلہن کے بیٹے کے ہاتھوں قتل ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ راولپنڈی کے صدر بیرونی کے علاقہ دھمیال گاؤں میں پیش آیا جہاں دوسری شادی کی رنجش پر وکیل کو قتل کردیا گیا، اس حوالے سے راولپنڈی کے تھانہ صدر بیرونی میں مقدمہ درج ہوا۔

بتایا گیا ہے کہ پولیس نے مقتول وکیل چوہدری کاشف تیمور کے چچا زاد بھائی کی مدعیت میں بیوی شائستہ رزاق سمیت 4 ملزمان کیخلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا، مقدمے میں بیوی شائستہ رزاق اس کے بیٹے حسنین اظہر، بیٹی نور العین اور حسن علی کو نامزد کیا گیا۔ مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ وکیل چوہدری کاشف تیمور کو اس کی دوسری اہلیہ کے بیٹے حسنین اظہر اور اس کے ساتھ آئے حسن علی نے گولیاں مار کر قتل کیا، ملزم حسنین اظہر مقتول کو رات کے وقت بلا کر اپنے گھر لے گیا جس کے بعد وہیں پر مقتول کو گولیاں ماری گئیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب فیصل آباد میں مخالفین نے پیشی پر عدالت جاتے ہوئے ماں بیٹے اور بھانجے کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا جہاں فیصل آباد کی تحصیل تاندلیانوالہ کے گاؤں واں موچیاں سٹاپ کے قریب گھات لگائے بیھٹے ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے زہراں بی بی، اس کے بیٹے عباس اور بھانجے مزمل کی جان لے لی، تینوں افراد موٹر سائیکل پر تاریخ پیشی پر عدالت جارہے تھے کی مخالفین کی گولیوں کا نشانہ بن گئے، دونوں گروہوں کے درمیان پہلے سے ہی قتل کے مقدمات چل رہے ہیں اور اسی کی پاداش میں تینوں پر فائرنگ کرکے انہیں قتل کردیا گیا، اس واقعے کے بعد آر پی او نے واقعے کا نوٹس لے لیا، جس کے بعد اس واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں جس کی جانب سے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی۔