نیوزی لینڈ کیخلاف ہدف کے تعاقب میں زیادہ نصف سنچریاں ،بابر اعظم نے ویرات کوہلی کا ریکارڈ برابر کردیا

سابق کپتان نے تیسرے میچ میں اپنی 37 ویں ون ڈے ففٹی سکور کی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 7 اپریل 2025 13:35

ماؤنٹ مونگانوئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 اپریل 2025ء ) قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نیوزی لینڈ کیخلاف تیسرے ون ڈے میں ففٹی سکور کرکے ہدف کے تعاقب میں مشترکہ طور پر سب سے زیادہ نصف سنچریاں سکور کرنے والے بیٹر بن گئے۔ 
بابر اعظم نے تیسرے ون ڈے میں کیریئر کی 37 ویں نصف سنچری مکمل کی، وہ 50 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

30 سالہ بابر اعظم اب تک نیوزی لینڈ کیخلاف ہدف کے تعاقب میں 18 اننگز میں 9 نصف سنچریاں سکور کرچکے ہیں جو کسی بھی پاکستانی بیٹر کی بہترین کارکردگی ہے، اس فہرست میں ان کے ساتھ مشترکہ طور پر پہلا نمبر ویرات کوہلی کا ہے جنہوں نے 20 اننگز میں 9 نصف سنچریاں بنا رکھی ہیں ، سابق سری لنکن کپتان سنتھ جے سوریا 25 اننگز میں 8 نصف سنچریاں بنا کر اس فہرست میں تیسرے جب کہ پاکستان کے فخر زمان 14 اننگز میں 7 نصف سنچریاں بنا کر اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔

بابر اعظم نے 3 میچز میں 43 کی اوسط سے سب سے زیادہ 129 رنز بنائے، اس میں 2 نصف سنچریاں شامل رہیں، ان کی بہترین انفرادی کاوش 78 رنز رہی، البتہ وہ کوئی میچ فنش نہ کر پائے اور پاکستان کو کلین سویپ کا سامنا کرنا پڑا۔