ڈاکٹرز، نرسز ، پیرامیڈیکل سٹاف حقیقی معنوں میں قومی ہیرو ہیں،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

پیر 7 اپریل 2025 18:12

ڈاکٹرز، نرسز ، پیرامیڈیکل سٹاف حقیقی معنوں میں قومی ہیرو ہیں،ڈاکٹر ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2025ء) سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ صحت مند معاشرہ ایک مضبوط قوم کی بنیاد ہوتا ہے، صحت کے شعبے میں خدمات سر انجام دینے والے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف حقیقی معنوں میں قوم کے ہیرو ہیں۔ انہوں نے صحت کے عالمی دن پر شیڈ ٹرسٹ کے زیرِ انتظام شریفاں بی بی میموریل ہسپتال کوبے چک میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)نے دنیا بھر میں صحت کے نظام کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہےاس لئے ہمیں بھی چاہیے کہ ہم اپنے محدود وسائل کے باوجود عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں جاری رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ شریفاں بی بی میموریل ہسپتال کی خدمات دیہی علاقوں کے لوگوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہیں ،یہ ہسپتال بغیر کسی ذاتی مفاد کے انسانیت کی خدمت میں دن رات مصروف عمل ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مخیر حضرات، این جی اوز اور معاشرے کے تمام طبقوں سے اپیل کی کہ وہ شعبہ صحت میں مشترکہ طور پر کام کریں تاکہ ہر پاکستانی کو علاج معالجہ کی بہتر سہولت ان کی دہلیز پر میسر آ سکے۔تقریب کے اختتام پر ہسپتال کی ایم ایس ڈاکٹر قندیل ، ڈاکٹر اکرم ، ڈاکٹر علی ،ڈاکٹر ارشد ،ڈاکٹر سعد ،ڈاکٹر افضل بھلی ڈاکٹر شکیل احمد دیگر عملے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔