سرگودھا پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاون جاری رکھے گی، ڈی پی او

پیر 7 اپریل 2025 18:53

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2025ء) سرگودھا پولیس نے رواں ماہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاون کرتے ہوئے اپریل کے پہلے ہفتے میں 60 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد کر کے اصل مالکان کے حوالے کیا۔ پیر کو یہاں ڈسڑکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سرگودھا محمد صہیب اشرف نے رواں ماہ کی پولیس کارکردگی رپورٹ کے حوالہ سے بتایا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاون کرتے ہوئے اب تک 30 سے زائد مقدمات درج کر کے ملزمان کے قبضہ سے 7 کلو گرام چرس، 2 کلو گرام آئس، 1 کلو سے زائد ہیروئن اور 650 لیٹر سے زائد شراب برآمد کی، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بھرپور کاروائیاں عمل میں لاتے ہوئے 50 سے زائد مقدمات درج کرتے ہوئے 41 پسٹل، 5 کلاشنکوف، 4 بندوق 12 بور، 2 رائفلز اور 220 سے زائد کارتوس برآمد کر لیے، اشتہاری مجرمان کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 100 سے زائد اشتہاری مجرمان کو گرفتارکر کے پابند سلاسل کیا گیا۔

(جاری ہے)

ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والو ں کے خلاف 13 سو سے زائد ٹریفک چالان جاری کرتے ہوئے 17 لاکھ سے زائد جرمانے عائد کیے۔ ڈی پی اومحمد صہیب اشرف نے کہا کہ پولیس نے اپنوں کو اپنوں سے ملانے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 7 گمشدہ و لاوارث بچوں کو انکے والدین سے بھی ملوایا۔ انہوں نے کہاکہ سرگودھا پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاون جاری رکھے گی۔