معدنیات کے پراسیسنگ پلانٹس کے ذریعہ اقتصادی ترقی کو یقینی بنا سکتے ہیں، گورنر بلوچستان

پیر 7 اپریل 2025 20:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2025ء) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلاشبہ بلوچستان کی قیمتی معدنیات سے پورے پاکستان کی تقدیر سنور سکتی ہے جس کو عوام کے فلاح و بہبود کیلئے بروئے کار لانا انتہائی ضروری ہے،بلوچستان میں مختلف معدنیات کے پراسیسنگ پلانٹس کے قیام کے ذریعہ ہم اپنے تمام تر قیمتی قدرتی وسائل و معدنیات کی قدر میں اضافہ کر سکتے ہیں اور اپنی اقتصادی ترقی کو یقینی بنا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 کانفرنس کے مو قع پرانہوں نے کہا کہ بلوچستان میں معدنیات کی ترقی میں ہمارے قومی سرمایہ کار بھی کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، اس لئے ضروری ہے کہ صوبہ کے صنعتکار اور تاجر پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ کے تحت معدنیات سمیت بلوچستان کے دیگر شعبوں بشمول تعلیم، صحت، توانائی ، زراعت اور لائیو اسٹاک تک اپنی کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ کریں ،مائنگ سیکٹر کو وفاقی سطح پر انڈسٹری کا درجہ دیکر صو بہ سے شدید غربت، احساس محرومی اور بےروزگار کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکتا ہے،موجودہ حکومت تاجروں اور سرمایہ کاروں کیلئے ایک ایسا سازگار ماحول بنانے کیلئے کوشاں ہے جس کی وجہ سے صنعتکاروں اور تاجروں کیلئے ملک کے اندر اور باہر دیگر ممالک کی تجارتی منڈیوں تک رسائی فراہم ہوگی،گورنر مندوخیل نے کہا کہ تاجروں کو تمام ضروری سہولیات کر کے یہ یقین سے کہا جا سکتا ہے کہ یہ ایسی کوششیں پاکستان اور بلوچستان میں معدنیات کی تلاش، پر اسسنگ یونٹس کے قیام اور سرمایہ کاری کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو ں گی ۔