اینٹوں کے بھٹوں کی صنعت کی میکانائز یشن مزدوروں کے استحصال کے دور کو ختم کرنے کی طرف پہلا قدم ہے،اشرف مال

منگل 8 اپریل 2025 11:05

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2025ء)غیر سرکاری تنظیم پاکستان پارٹنر شپ انیشی ایٹو (پی پی آئی)کے سی ای او اشرف مال نے کہا کہ ان کامقصد پاکستان میں اینٹوں کے بھٹے کی پوری صنعت کو میکانائز کرنا ہے جو مزدوروں کے استحصال کے دور کو ختم کرنے کی طرف پہلا قدم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پارٹنر شپ انیشی ایٹواورفیلمزسیٹ فری(ایف ایس ایف)کے تعاون سے چک نمبر113فیصل آبادمیں مقامی بھٹہ پر لگائی گئی خود کار مشین کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی اعجاز عالم آگسٹین نے پی پی آئی اور ایف ایس ایف کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس اقدام کو اینٹوں کی بھٹہ صنعت کے لئے اہم تبدیلی کا قدم قرار دیا۔

(جاری ہے)

ایف ایس ایف کے صدر مائیک برکلے نے کہاکہ میکنائزیشن خواتین اور بچوں کو اینٹ سازی کے بوجھ سے آزاد کر دے گی۔انہوں نے کہا کہ ان کامقصد نہ صرف صنعت کو جدید بنانا بلکہ آزاد خاندانوں کو بااختیار بنانا بھی ہے جس سے انہیں پائیدار مستقبل کی تعمیر میں مدد ملے گی۔

تقریب میں شریک بھٹہ مالکان نے اینٹوں کے بہتر معیار، پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور برآمدات کے امکانات کا حوالہ دیتے ہوئے میکنائزیشن کی طرف تبدیلی کا خیرمقدم کیا۔تقریب میں یو ایف کے رکن ڈاکٹر سلامت،کرسچین جرنلسٹس ایسوسی ایشن آ ف پاکستان کے عہدیداران و ممبران، صحافی اور اینٹوں کے بھٹہ مالکان نے شرکت کی۔ بعدازاں 250 افراد پر مشتمل42خاندانوں کو اینٹوں کے بھٹوں پرمزدوری سے فارغ ہونے پرایک ایک رکشہ بھی فراہم کیا گیا۔دریں اثناشہریوں نے پی پی ایف کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کی اینٹوں کے بھٹے کی صنعت کو تبدیل کرنے کے لئے اہم قدم ہے