'پی سی بی 24/7 والی جاب '، شاہد آفریدی کا محسن نقوی کو ایک عہدہ چھوڑنے کا مشورہ

جون 2024ء میں امریکا میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے دوران محسن نقوی نے سابق کپتان کو پی سی بی میں کام کرنے کی پیشکش کی تھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 8 اپریل 2025 11:29

'پی سی بی 24/7 والی جاب '، شاہد آفریدی کا محسن نقوی کو ایک عہدہ چھوڑنے ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 اپریل 2025ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو ایک نوکری کا انتخاب کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ 
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق شاہد آفریدی نے کہا کہ پی سی بی 24/7 والی جاب ہے اس لیے آپ وزارت داخلہ اور پی سی بی میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں، محسن نقوی محنتی شخص ہیں لیکن دو کشتیوں میں سوار ہوکر کرکٹ کے لیے وہ نہیں کرسکتے جو وہ چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

 
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ شاہد آفریدی نے گزشتہ دنوں پنڈی میں پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر سے ملا قات میں ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی۔
سابق ٹیسٹ کپتان نے اس دوران یہ بھی کہا کہ ملک میں تفریح کا واحد ذریعہ کرکٹ ہے، کرکٹ فل ٹائم جاب ہے اس لیے محسن نقوی سے ایک ذمہ داری واپس لی جائے۔ 
ذرائع کے مطابق گزشتہ سال جون میں امریکا میں ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے دوران محسن نقوی نے شاہد آفریدی کو پی سی بی میں کام کرنے کی پیشکش کی تھی تاہم شاہد آفریدی نے ان سے اپنی مصروفیت کی وجہ سے معذرت کر لی تھی۔