سلیکشن کمیٹی گھر جائے ورنہ گرین شرٹس بنگلا دیش سے بھی ہارے گی : باسط علی

ایک ٹماٹر بیچنے والا بھی پوچھتا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی ٹیم میں سپنرز کیوں نہیں تھے : سابق کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 8 اپریل 2025 11:45

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 اپریل 2025ء ) سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے سلیکشن کمیٹی سے فوری مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کردیا۔ 
اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے دورہ نیوزی لینڈ کے دوران بدترین شکستوں پر 54 سالہ سابق کرکٹر باسط علی نے سلیکشن کمیٹی کے فوری طور پر مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کیا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ علیم ڈار، عاقب جاوید، اسد شفیق، اظہر علی اور حسن چیمہ پر مشتمل سلیکشن کمیٹی کو ٹیم تشکیل دینے میں مہارت ہی حاصل نہیں، انہیں فوری طور پر عہدے چھوڑ دینے چاہیں۔

 
سابق کرکٹر نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی میں موجود اراکین کو نہیں معلوم کہ ٹیم کیسے تیار کی جاتی ہے، چیمپئنز ٹرافی سے اب تک سب فلاپ شو رہا، ایک ٹماٹر بیچنے والا بھی پوچھتا ہے کہ آپ نے چیمپئنز ٹرافی کیلیے ٹیم میں اسپنرز کیوں شامل نہیں کیے۔

(جاری ہے)

 

باسط عی نے کہا کہ عاقب جاوید کو بھی مستعفی ہونا چاہیے، اگر یہ لوگ مزید 4 ماہ رہے تو پھر ہم بنگلہ دیش سے بھی آنے والی سیریز ہار جائیں گے۔

 
واضح رہے کہ آئندہ برس شیڈول ٹی20 ورلڈکپ کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان نے دورہ نیوزی لینڈ کے ٹی20 لیگ میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا، بابر اعظم اور محمد رضوان جیسے پلیئرز کو باہر بٹھایا گیا تھا۔ 
دوسری جانب نیوزی لینڈ نے بھی اپنے اسٹارز کی آئی پی ایل کے باعث عدم دستیابی کی وجہ سے ینگسٹرز کو ہی کھلایا، جنھوں نے گرین شرٹس کو 5 ٹی20 میچز کی سیریز میں 1-4 سے جبکہ ون ڈے سیریز میں رضوان اور بابراعظم کی موجودگی میں سینئرز سے عاری کیوی ٹیم وائٹ واش کیا تھا۔ 
قبل ازیں سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے قومی ٹیم کی مسلسل ناکامیوں پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔