بہاولپور میں انشورنس کی رقم ہتھیانے کیلئے بیٹے نے باپ کو قتل کردیا

قتل کے الزام میں بیٹے سمیت 2 ملزمان گرفتار، ایک ہفتہ قبل ڈکیتی کا ڈرامہ رچاکر غلام شبیر کو قتل کردیا گیا تھا

منگل 8 اپریل 2025 16:24

بہاولپور میں انشورنس کی رقم ہتھیانے کیلئے بیٹے نے باپ کو قتل کردیا
بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2025ء)پنجاب کے ضلع بہاولپور میں انشورنس کی رقم ہتھیانے کیلئے بیٹے نے باپ کو قتل کردیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کے الزام میں بیٹے سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، ایک ہفتہ قبل ڈکیتی کا ڈرامہ رچاکر غلام شبیر کو قتل کردیا گیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے مددگار 15پر ڈکیتی اور اپنے والد کے قتل کی اطلاع دی تھی، دوران تفتیش ملزم نے فائرنگ کرکے اپنے باپ کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔

(جاری ہے)

ادھر ملتان کے علاقے مخدوم رشید میں بھی بیٹے نے فائرنگ کرکے باپ کو قتل کردیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق آج صبح شوکت علی کو اس کے بیٹے فیضان نے فائرنگ کرکے گھر کے اندر قتل کیا اور فرار ہوگیا تھا، پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا ہے۔ملزم نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ اس کا والد میری بیوی کے ساتھ جھگڑتا رہتا تھا، لڑتا رہتا تھا اور برا بھلا کہتا تھا۔ اس وجہ سے میں نے غصے میں آکر اپنے باپ کو قتل کر دیا۔