قانون کی بالادستی کے لیے وکلاء روزانہ بے شمار چیلنجز کا سامنا کرتے ہیں،صدر ڈسٹرکٹ بار سیالکوٹ

منگل 8 اپریل 2025 16:35

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2025ء) "آج ’وکلاء سے مہربانی کے عالمی دن‘ کے موقع پر میں اپنی طرف سے اور ڈسٹرکٹ بار سیالکوٹ کی جانب سے پوری وکلاء برادری کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔آج کا دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ وکلاء معاشرے میں محض ایک پیشہ ور گروہ نہیں، بلکہ وہ ستون ہیں جن پر عدل، قانون اور انسانی حقوق کی عمارت کھڑی ہے۔

وکیل وہ شخصیت ہے جو کمزور کو طاقتور کے خلاف آواز دینے کا حوصلہ دیتا ہے، جو مظلوم کو انصاف کی روشنی دکھاتا ہے، اور جو آئین و قانون کی بالادستی کے لیے میدان میں ڈٹ کر کھڑا ہوتا ہے۔ان خیالات کا اظہار صدر ڈسٹرکٹ بار سیالکوٹ چوہدری عرفان اللہ وڑائچ نے وکلاء سے مہربانی سے پیش آنے کے عالم دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہم اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں کہ قانون کی بالادستی کے لیے وکلاء روزانہ بے شمار چیلنجز کا سامنا کرتے ہیں—کبھی مالی مشکلات، کبھی سیکیورٹی خدشات، اور کبھی معاشرتی دباؤ۔

(جاری ہے)

اس کے باوجود وہ اپنے فرائض کو ایمانداری، دیانتداری اور جذبہ خدمت کے ساتھ سرانجام دیتے ہیں۔ آج کا دن ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ معاشرہ وکلاء کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھے، ان کے کردار کو تسلیم کرے، اور ان کے ساتھ احترام اور مہربانی کا رویہ اپنائے۔اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار سیالکوٹ نے مزید کہا کہ میں حکومت، عدلیہ اور عوام الناس سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ وکلاء کو درپیش مسائل کے حل میں سنجیدگی سے کردار ادا کریں۔

وکلاء کی فلاح و بہبود، تحفظ اور عزتِ نفس کا خیال رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔اور کہاڈسٹرکٹ بار کونسل سیالکوٹ اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ ہم وکلاء کی عزت و وقار کی حفاظت، قانون کی بالادستی، اور انصاف کی فراہمی کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔اللہ تعالیٰ ہمیں حق اور انصاف کے راستے پر قائم رکھے اور ہماری کوششوں کو قبول فرمائے۔ آمین۔"