وزیراعلیٰ بلوچستان کا پیپلز ٹرین سروس شروع کرنے کا اعلان

بلوچستان حکومت نے پاکستان ریلویز اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے ساتھ مل کر اقدامات شروع کر دیئے

جمعرات 3 جولائی 2025 18:19

وزیراعلیٰ بلوچستان کا پیپلز ٹرین سروس شروع کرنے کا اعلان
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)بلوچستان حکومت نے کوئٹہ کے شہریوں کو آرام دہ اور معیاری سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے ’پیپلز ٹرین‘ چلانے کا اعلان کردیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے لوگوں کے لیے بڑی خوش خبری ہے کہ ہم پیپلز ٹرین سروس شروع کرنے جارہے ہیں جو کچلاک سے شیخ زید اسپتال تک سارا دن چلے گی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 2017ء میں بلوچستان کی سابق حکومت نے چین کے تعاون سے کوئٹہ میں ماس ٹرانزٹ ٹرین سسٹم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم 25 ارب روپے کی بھاری لاگت کے باعث 2020ء میں یہ منصوبہ ترک کر دیا گیا تھا۔اب ایک بار پھر حکومت نے شہریوں کو ’پیپلز ٹرین سروس‘ کی نوید سنائی ہے۔پیپلز ٹرین سروس کے منصوبے کو قابلِ عمل بنانے کے لیے بلوچستان حکومت نے پاکستان ریلویز اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے ساتھ مل کر اقدامات شروع کر دیے ہیں، کوئٹہ کے شہری پیپلز ٹرین منصوبے کو جًلد شروع کرنے کے خواہاں ہیں۔دوسری جانب کوئٹہ کی عوام نے پیپلز ٹرین سروس پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بہت اچھا اقدام ہے، جتنی سہولت ملے اچھا ہے، غریب لوگ باآسانی سفر کر سکتے ہیں۔