لاہور ہائیکورٹ نے ایکس کی بندش کیخلاف درخواست پر اٹارنی جنرل کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا

منگل 8 اپریل 2025 16:39

لاہور ہائیکورٹ نے ایکس  کی بندش کیخلاف درخواست پر اٹارنی جنرل  کو ذاتی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (ٹویٹر) کی بندش کے خلاف دائر درخواستوں پر اٹارنی جنرل کو 17 اپریل کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے صحافی شاکر اعوان سمیت دیگر کی درخواست پر سماعت کی۔ تین رکنی بینچ میں جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس علی ضیا باجوہ بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے دلائل دیئےکہ اس کیس میں پی ٹی اے کی طرف سے رپورٹ پہلے ہی جمع ہو چکی ہے۔ عدالت کی جانب سے حکومتی اراکین جو ایکس استعمال کر رہے ہیں ان کی لسٹ طلب کی گئی تھی، ہمارے لئے یہ ممکن ہی نہیں کہ ایسی کوئی لسٹ مہیا کریں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اٹارنی جنرل پاکستان تیاری کے ساتھ پیش ہو تمام لیگل چیزوں پر روشنی ڈالیں۔ عدالت نے اٹارنی جنرل کو طلب کرتے ہوئے سماعت 17 اپریل تک ملتوی کردی۔