سعودی عرب میں نشہ آور گولیاں سمگل کرنے پر اردنی شہری کو سزائے موت

منگل 8 اپریل 2025 16:57

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2025ء)سعودی عرب میں نشہ آور گولیاں سمگل کرنے پر اردنی شہری کو سزائے موت دے دی گئی ۔عرب ٹی وی کے مطابق وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ نشہ آور گولیاں سمگل کرنے پر اردنی کی سزائے موت کے احکامات پر الجوف ریجن میں عمل درآمد کردیا گیا۔

(جاری ہے)

قانون نافذ کرنے والے ادارے کی ٹیموں نے اردنی شہری ابراہیم سلامہ سالم کو بڑی مقدار میں نشہ آور گولیاں مملکت سمگل کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔

ابتدائی تفتیش میں ملزم نے اپنے جرم کا اقرار کیا جس پر اس کا چالان کریمنل کورٹ کے حوالے کر دیا گیا جہاں جرم ثابت ہونے پر عدالت نے منشیات سمگلنگ کے جرم میں موت کی سزا کا حکم صادر کردیا۔عدالتی احکامات کے تحت وزارتِ داخلہ نے الجوف ریجن میں منشیات سمگل کرنے پر اردنی شہری کی سزائے موت پرعمل درآمد کردیا۔