Live Updates

پنجاب میں شدید گرمی کے باعث ہیٹ ویو کا خطرہ، الرٹ جاری

10اور 11اپریل کے درمیان لاہور اور پنجاب کے بعض اضلاع میں بادلوں کا سسٹم داخل ہوگا

منگل 8 اپریل 2025 18:21

پنجاب میں شدید گرمی کے باعث ہیٹ ویو کا خطرہ، الرٹ جاری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2025ء)پنجاب میں موسم شدید گرم اور خشک ہونے کے بعد متعلقہ محکمے کی جانب سے ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کردیا گیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت صوبے بھر میں خشک موسم کا سلسلہ جاری ہے جبکہ گرمی کی شدت میں بھی بتدریج اضافہ ہونے لگا ہے اور دن کی طرح اب رات میں بھی گرمی بڑھ رہی ہے۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 23ڈگری تک پہنچ گیا جب کہ زیادہ سے زیادہ 40ڈگری تک جانے کے امکانات ہیں۔

موسمیاتی ماہرین نے بتایا کہ 10اور 11اپریل کے درمیان لاہور اور پنجاب کے بعض اضلاع میں بادلوں کا سسٹم داخل ہوگا اور کم ہوائوں کے بادلوں کا سسٹم پنجاب میں داخل ہونے سے ہلکی بارش کے امکانات ہیں۔محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ لاہور اور پنجاب کے بعض اضلاع میں ہلکی بارش سے گرمی کی شدت میں قدر کمی آنے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پی ڈی ایم اے کی جانب سے ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر گائیڈ لائنز پر مبنی الرٹ جاری کیا گیا ہے جس میں ضلعی انتظامیہ کو کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق رواں ماہ پنجاب میں درجہ حرارت میں 4سے 7ڈگری تک اضافے کا خدشہ ہے۔ بڑے شہر، میدانی علاقے اور خصوصاً جنوبی پنجاب کے اضلاع گرمی کی شدید لپیٹ میں آنے کا خطرہ ہے ۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو ہیلپ لائن نمبرز اور مساجد میں اعلانات کے ذریعے عوامی آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات