خواتین کیلئے پی آئی ٹی بی کے تربیتی پروگرام شی ونز(SheWins ) میں رجسٹریشن کا آغاز

منگل 8 اپریل 2025 18:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2025ء) خواتین کو ڈیجیٹل سکلز سے آراستہ کرنے اور انہیں کریئر بلڈنگ میں مدد فراہم کرنے کیلئے پنجاب آئی ٹی بورڈ کی جانب سے تربیتی پروگرام شی ونز "SheWins" میں آن کیمپس اور آن لائن ٹریننگ کیلئے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ خواتین امیدوار ای کامرس ود سوشل میڈیا مارکیٹنگ اینڈ ایس ای او اور یوٹیوب کانٹینٹ کریشن اینڈ ویڈیو ایڈیٹنگ کورسز میں داخلے کیلئے اپلائی کر سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

6 ہفتوں پر مشتمل آن کیمپس ٹریننگ کیلئے 20 ہزار روپے جبکہ آن لائن ٹریننگ کیلئے 15 ہزار روپے رعایتی فیس مقرر کی گئی ہے۔ پروگرام کے تحت اب تک 2 ہزار سے زائد خواتین تربیت مکمل کر چکی ہیں اور اپنا خود کا آن لائن کاروبار چلا رہی ہیں۔ اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے تحت خواتین کو مختلف ڈیجیٹل سکلز سکھائے جا رہے ہیں جس سے وہ نہ صرف خود کفیل بن سکیں گی بلکہ اپنی آن لائن کاروباری سرگرمیوں کے ذریعے معیشت میں بھی مثبت تبدیلی لا سکیں گی۔ ٹریننگ پروگرام سے مستفید ہونے کیلئے عمر 16 سے 50 سال جبکہ تعلیمی قابلیت میٹرک یا اس سے زائد ہونا ضروری ہے۔ خواتین امیدوار شی ونز ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن کرا سکتی ہیں۔