پاکستان مسلم لیگ ق خیبر پختونخوا کے انٹرا پارٹی انتخابات،انتخاب خان چمکنی بلامقابلہ صوبائی صدر منتخب

منگل 8 اپریل 2025 22:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2025ء) پاکستان مسلم لیگ ق خیبر پختونخوا کے انٹرا پارٹی انتخابات کا کامیاب انعقاد ہوا، جس میں انتخاب خان چمکنی بلامقابلہ صوبائی صدر منتخب ہوگئے۔ الیکشن کمیشن کمیٹی کے چیئرمین غلام مصطفی ملک نے انتخابی نتائج کا باضابطہ اعلان کیا۔ انتخابات کے تحت پیر الیاس سینئر نائب صدر، میاں کامران نائب صدر، سید حامد شاہ جنرل سیکرٹری، محمد بلال محمدزئی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری، شاہد الیاس ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری جبکہ ریاض خان چمکنی کو آرگنائزر منتخب کیا گیا۔

انٹرا پارٹی انتخابات کے موقع پر پاکستان مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر و سابقہ وفاقی وزیر ڈاکٹر امجد، ایزام چوہدری، خافظ عقیل اور دیگر مرکزی و صوبائی قائدین کے علاوہ کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انتخابات کا یہ مرحلہ پارٹی میں جمہوری اقدار کو مضبوط بنانے اور تنظیمی ڈھانچے کی بہتری کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔انٹرا پارٹی انتخابات کے دوران ایک اہم قرارداد منظور کی گئی، جس کے تحت نو منتخب صوبائی صدر انتخاب خان چمکنی کو مکمل اختیارات تفویض کیے گئے۔

اس قرارداد میں انہیں یہ اختیار دیا گیا کہ وہ پارٹی کی تنظیم کو نچلی سطح تک جلد از جلد مکمل کریں اور صوبے بھر میں پارٹی کو مزید متحرک اور فعال بنائیں۔ قرارداد کے مطابق کابینہ کی تشکیل اور تنظیم سازی کے تمام اختیارات صدر کو سونپ دیئے گئے تاکہ وہ پارٹی کو مستحکم اور عوامی سطح پر مزید مؤثر بنا سکیں۔اجلاس کے دوران ایک اور قرارداد بھی منظور کی گئی، جس میں پاک فوج کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔

قرارداد میں افواجِ پاکستان کی خدمات کو ملکی دفاع اور استحکام کی بنیاد قرار دیا گیا۔ اس کے علاوہ قرارداد میں پاکستان مسلم لیگ ق کے مرکزی قائد چوہدری شجاعت حسین پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا اور ان کی قیادت کو جماعت کے اتحاد و استحکام کی علامت قرار دیا گیا۔پارٹی کارکنان اور رہنماؤں نے انتخاب خان چمکنی اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ پارٹی کو مزید منظم اور مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ نو منتخب صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پارٹی کی جڑیں عوام میں مضبوط کریں گے، پارٹی کارکنان کو متحرک کریں گے اور صوبے میں مسلم لیگ کو ایک مضبوط سیاسی قوت کے طور پر سامنے لائیں گے۔