اردن میں ٹریفک کی نگرانی کا جدید نظام متعارف ، دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال بارے پتا چلا یا جاسکے گا،حکام

بدھ 9 اپریل 2025 09:50

عمان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2025ء) اردن کے محکمہ ٹریفک نے نگرانی کا جدید نظام متعارف کرایا ہے جو مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی پر انحصار کرتا ہے،اس کا مقصد دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال کے حوالے سے قانون کی خلاف ورزی کا پتا چلانا ہے۔العربیہ کے مطابق اس اقدام سے ٹریفک کے حوالے سے سلامتی اور ڈرائیوروں کی توجہ ہٹنے کے سبب ہونے والے حادثات میں کمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

محکمہ ٹریفک نے باور کرایا کہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال سنگین ترین رویہ شمار ہوتا ہے، اس کا گاڑی چلانے والے کی توجہ پر براہ راست اثر پڑتا ہے، اس سے ذہن منتشر ہوتا ہے ، رد عمل سست پڑتا ہے اور روٹ سے ہٹ جانے کا امکان بڑھ جاتا ہے جس سے حادثات واقع ہونے کے مواقع کئی گنا بڑھ جاتے ہیں۔نیا نظام اس بات کی خصوصیت رکھتا ہے کہ یہ خود کار طریقے سے موبائل فون کے استعمال کی مختلف حالتوں کا سراغ لگا سکتا ہے، خواہ ڈرائیور نے فون کو ہاتھ میں پکڑا ہو یا اس کی طرف دیکھ رہا ہو اور اس کے لیے کسی انسانی مداخلت کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اس سے خلاف ورزی کرنے والوں کو ایک سمارٹ اور مؤثر نگرانی کے نظام کے تحت زیادہ درستی کے ساتھ پکڑنے میں مدد ملتی ہے۔